اسلام کے نام پر وجود میں آنیوالے ملک میں حکمرانوں نے سودی نظام نافذ کرکے قوم کو اﷲ ،رسول ﷺ کیساتھ جنگ میں مبتلا کردیا ،مشتاق احمد خان

محمد نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس میں محفل میلاد پر اکتفا نہ کریں ، عشق مصطفی ﷺ کا ثبوت دیتے ہوئے سودی معیشت کے خاتمے کا اعلان کریں، امیر جماعت اسلامی کے پی کے

جمعہ 15 جنوری 2016 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں حکمرانوں نے سودی نظام نافذ کرکے پوری قوم کو اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کے ساتھ جنگ میں مبتلا کردیا ہے۔ میاں نواز شریف وزیر اعظم ہاؤس میں محفل میلاد پر اکتفا نہ کریں ، عشق مصطفی ﷺ کا ثبوت دیتے ہوئے سودی معیشت کے خاتمے کا اعلان کریں۔

جماعت اسلامی سودی نظام معیشت کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی۔ حکمرانوں نے قوم کی آزادی سلب کرکے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا غلام بنا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر فروری میں 100ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔عوام نئے ٹیکسوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ حکمران عوام کو کچھ نہیں دے رہے اور ان کا خون چوس رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملکی خزانے لوٹ کر اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں۔

اگر ٹیکسوں اور قیمتوں کا تعین آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکم پر ہوتا ہے تو آزادی اور خودمختاری کہاں ہے؟ دنیا میں چھ کروڑ مسلمان مہاجر ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔ مسلمانوں کی اس تباہی اور بربادی کے ذمہ دار مسلمان ممالک کے حکمران ہیں۔مسلمان ممالک میں جب بھی کوئی تنازعہ یا مسئلہ ابھرتا ہے تو OICغائب ہوجاتی ہے۔ او آئی سی کے پاس مسلمانوں کی قیادت اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔

او آئی سی انجمن غلامان امریکہ ہے۔ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل اسوۂ رسول ﷺ اور نظام مصطفی ﷺ میں ہے۔ جماعت اسلامی نظام مصطفی ﷺ کا قافلہ اور اس کی منزل نظام مصطفی ﷺ کا قیام ہے۔ کرپٹ ٹولہ نظام مصطفی ﷺ کے راستے میں سب سے بڑی رکاؤٹ ہے۔جماعت اسلامی نے قوم کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا نعرہ دیا ہے جو کہ نظام مصطفی ﷺ کا دوسرا نام ہے۔

اسی تحریک کے نتیجے میں پاکستان اپنی حقیقی منزل سے ہمکنار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کے امیر عبدالرزاق عباسی، تحصیل ناظم ایبٹ آباد اسحاق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں امیر ضلع مانسہرہ ڈاکٹر طارق شیرازی اور تحصیل و ڈسٹرکٹ ممبران بھی موجود تھے۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان ایک نظرئیے کے تحت وجود میں آیا تھا ۔ لاکھوں مسلمانوں نے اسلامی ریاست کے لئے قربانیاں دیں لیکن انگریز کے جانے کے بعد انگریز کے غلاموں نے اس ملک میں اسلامی نظام نافذ نہیں ہونے دیا اور عوام کو ہمیشہ دھوکے میں رکھا ۔ عوام کو سبز باغ دکھا کر مختلف حربوں سے لوٹا اور یہاں کی تمام دولت لوٹ کر دوسرے ممالک میں منتقل کردی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان پر ایسے لوگ حکمران رہے جنہیں نا اسلام سے محبت ہے اور نہ ہی اپنی قوم سے دلچسپی ہے۔ یہ صرف اپنے اور اپنے خاندان کے مفاد کو دیکھتے ہیں۔ آزادی کے بعد ان حکمرانوں نے ایک بار پھر ہمیں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی میں دے دیا ہے۔ اس وقت ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے لیکن ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے حاصل ہونے والے بھاری قرضوں میں سے عوام کو ایک پائی بھی نہیں ملتی۔

الٹا ان کے احکامات کے مطابق پہلے سے ہی پسی ہوئی عوام پر ٹیکس عائد کئے جاتے ہیں اور قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے بھر پور ہے ۔ اﷲ تعالیٰ نے اس ملک کو اپنی نعمتیں بہت فیاضی سے دی ہیں لیکن بدقسمتی سے یہ ملک نیک اور دیانتدار قیادت سے محروم ہے۔ اسی یہاں کے عوام بنیادی ضروریات تک کے لئے ترس رہے ہیں ۔ عوام چوروں ، لٹیروں اور کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کرکے نیک اور صالح قیادت سامنے لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسائل سے اسی لئے دوچار ہے کہ یہ اپنی اصل سے ہٹ گیا ہے۔ اس ملک کی حقیقی منزل نظام مصطفیﷺ ہے۔ جماعت اسلامی نے نظام مصطفی ﷺ رائج کرنے کرنے کے لئے ملک میں اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی تحریک شروع کردی ہے ۔ اب یہ عوام کا فرض ہے کہ ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اور نظام مصطفی ﷺ رائج کرنے کے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں