پشاور، گورنرخیبرپختونخوا کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس

شاہراہ پر جاری واپڈا کے منصوبہ جات کی جلد تکمیل اور درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس منعقد کیاجائیگا ، اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 14 جنوری 2016 19:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 جنوری۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمدخان کی صدارت میں جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خان خٹک، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان شریک تھے جبکہ وزیراعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری امجد علی خان اورآئی جی پولیس ناصر درانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹامحمداسلم کمبوہ ، سیکرٹری داخلہ ، قائم مقام انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بریگیڈئیر قیصر علی، ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری سمیت صوبے اور گلگت بلتستان کے دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں موجودتھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خیبر پختونخوا اورفاٹا میں امن و امان کی مجموعی صورت حال ،دہشت گردی کے خاتمہ کے نیشنل ایکشن پلان پرپیش رفت اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کے حوا لے سے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔

خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شاہراہ قراقرم کی سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینااپیکس کمیٹی کے اس اہم اجلاس کے ایجنڈے کا خصوصی نکتہ تھا۔اجلاس میں ملکی اوربین الاقوامی تناظر میں شاہراہ قراہ قرم کی سیکورٹی کی اہمیت اور اسے محفوظ تر بنانے کے لئے ممکنہ اقدامات پر تفصیل سے اظہارخیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم شاہراہ کی سیکورٹی کومزید بہتر اور یقینی بنانے کیلئے گورنر خیبرپختونخوا وزیراعظم پاکستان سے وفاق اور دیگر مقامات پر تعینات فرنٹیئرکانسٹبلری کی نفری کی صوبہ خیبرپختونخوا کو واپسی کی درخواست کریں گے ۔

اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیاگیا کہ شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی برقرار رکھنے کے لئے صوبہ خیبرپختونخوا کی حدود میں واقع شاہراہ قراہ قرم کے حصہ کی سیکورٹی کومزید فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ شاہراہ قراقرم پر جاری واپڈا کے منصوبہ جات کی جلد تکمیل اوراس ضمن میں درپیش مسائل کے حل کیلئے اسلام آباد میں ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیاجائیگا جس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ، سول وملٹری حکام سمیت تمام سٹیک ہولڈر ز شرکت کریں گے۔

گورنر سردار مہتاب احمد خان کی صدارت میں منعقدہ اپیکس کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں ٹی ڈی پیز کی جلد اپنے گھروں کو باعزت واپسی کے دوسرے مرحلہ کے اقدامات پربھی غورکیاگیا۔اجلاس کو گذشتہ ایپکس کمیٹیوں کے فیصلوں پرپیش رفت سے آگاہ کیاگیا جبکہ محکمہ داخلہ حکومت خیبرپختونخواکے سپیشل سیکرٹری نے اس حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔قبل ازیں گورنر سردار مہتاب احمد خان نے اجلاس کے شرکا ء کا خیر مقدم کیا اورکہاکہ پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا تحفظ ہمارا فرض ہے جس کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

دہشت گردی خواہ کسی بھی نام اور شکل میں ہو ں ان کا صفایا کیا جائے گااور دہشت گردوں اور امن کے دشمنوں کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔ پوری قوم اور تمام ادارے اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گورنرنے اس عزم کا اظہارکیا کہ دہشت گردی کے خلاف بہادر افواج اور عوام کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا اورٹی ڈی پیز کی باعزت اور جلد واپسی اور ان کی بحالی و تعمیر کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں