صوبے کے عوام پر 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے ، ہارون بشیر بلور

مرکزی و صوبائی حکومتیں مسائل کو سلجھانے کی بجائے انہیں الجھانے سے گریز کریں،سردیوں میں ناروا لوشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے ، رہنماء ا ے این پی

منگل 12 جنوری 2016 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے صوبے بالخصوص پشاور میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں 18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے ، انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام پینے کے پانی سے محروم ہو چکے ہیں اور لوگوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی اور گیس پیدا کر رہا ہے لیکن صوبے کے عوام پر یہ دونوں چیزیں بند کر دی گئی ہیں ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ صوبے میں 350بجلی کے ڈیم بنانے کا شوشہ چھوڑنے والے وضاحت کریں کہ اس سے کتنے میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی صوبے میں بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کیلئے مختص رقم نہ ہونے کے برابر ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبے میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے بے شمار مواقع ہیں لہٰذا مرکزی و صوبائی حکومتوں کو ان قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے اے این پی کے دور کے پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے آگے آنا چاہئے تا کہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ کیا جا سکے ، انہوں نے کہا کہبدترین لوڈشیڈنگ نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، مرکزی و صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں جبکہ عوام لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بے حال ہو چکے ہیں،صوبائی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں عوام کو درپیش مسائل کا ادراک کرنا چاہئے اور بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں،انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اپنی تمام تر توجہ توانائیاں صرف کرنی چاہئے تا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں، انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلے کو مزید الجھانے کی بجائے اسے حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ،اور غریب اور پسے ہوئے لوگوں کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافے سے اجتناب کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو بھی اے این پی کے شروع کردہ بجلی کے تمام منصوبوں پر بلاتعطل کام جاری رکھنا چاہیے ،تا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں