خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کاقلعہ ہے، حکومتی امور میں ہماری مکمل ہم آہنگی ہے،مشتاق احمدخان

ایران ،سعودی عرب کشیدگی امت مسلمہ کے درمیان شیعہ سنی جنگ میں دھکیلنے کی سازش ہے ،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

منگل 12 جنوری 2016 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا جماعت اسلامی کاقلعہ ہے اور تحریک انصاف کے ساتھ حکومتی امور میں ہماری مکمل ہم آہنگی ہے ،ایران اور سعودی عرب کشیدگی امت مسلمہ کے درمیان شیعہ سنی جنگ میں دھکیلنے کی سازش ہے ،وہ جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کے ووروزہ اجلاس کے افتتاحی سیشن کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں جنرل سیکرٹری عبدالواسع، نائب امراء مولانا اسداﷲ،مولانا محمد اسماعیل،معراج الدین خان،صاحبزادہ ہارون ا لرشید ، دیگر اراکین اور ضلعی امراء،ارکان قومی اسمبلی ،صوبائی اسمبلی کے اراکین اور ضلعی ناظمین نے شرکت کی۔صوبائی امیر نے خطاب میں کہا کہ مجلس شوریٰ کا یہ اجلاس نئے سیشن کا افتتاحی اجلاس ہے جس میں پورے سیشن کے لیے روڈ میپ اور ویژن بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پر پورے پاکستان کی نظریں ہیں اور اسلامی تحریکوں نے ہم سے توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔اس وقت اقتصادی راہداری منصوبہ اور دیگر صوبائی مسائل پر جماعت اسلامی کا کردار قائدانہ ہے ۔ میڈیا سمیت تمام فورمز پر جماعت کاموقف سب سے مؤثر اور زوردار ہے۔انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری صرف ایک سڑک نہیں بلکہ پاکستان کے تمام مسائل کے حل کا ایک بڑا پیکج ہے صوبہ خیبر پختونخوا کوتقدیربدلنے والے اس منصوبہ میں ہر گز نظر انداز نہیں ہو نے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات اور حالیہ دنوں میں اقتصادی راہداری منصوبہ میں تبدیلیوں کے خلاف کامیاب دھرنے اور ملاکنڈ ڈویژن میں مثالی آل پارٹیز قومی کانفرنس کے بعد جماعت اسلامی سے وابستہ امیدیں کافی بڑھ چکی ہیں۔اس طرح ایف سی آر کے خلاف قبائلیوں کی تحریک جماعت اسلامی کی برپا کردہ تحریک بن گئی ہے ۔امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں اسلام آباد میں اے پی سی اور اس کے بعد بہت بڑے مظاہرے سے یہ بات واضح طور سامنے آرہی ہے کہ فاٹا کے عوام کی اصل ترجمان جماعت اسلامی ہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس تحریک کے ثمرات ظاہر ہو کر رہیں گے۔مشتاق احمد خان نے شوریٰ کے ارکان کوبتایا کہ حکومتی امور میں جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔صوبائی حکومت میں ہمارے وزراء اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مجلس شوریٰ کے اس اجلاس میں ہم 2018ء کے انتخابات کے لیے ہمہ گیر روڈ میپ بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوان ہمارے معاشرے کا بہت بڑااور اہم ترین حصہ ہیں۔ ان تک رسائی ہماری ترجیح ہے۔خواتین کے حقوق کے لیے ہم کام کریں گے اور ان کی صلاحیتوں سے ا ستفادہ کریں گے۔ اس طرح نوجوانوں کی صلا حیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے ان کی دلچسپی کی سرگرمیاں فراہم کریں گے اور جماعت اسلامی کو نوجوانوں کی جماعت بنائیں گے۔مزید برآں علماء پختون معاشرہ کا سب سے مؤثر طبقہ ہے ۔

ہمارے ساتھ جید علماء ہیں۔ان کی رہنمائی میں ہم خیبر پختونخوا کی ایک ایک مسجد اور ہر نمازی تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے۔اس دو روزہ اجلاس کے بعد ہم ایک واضح پروگرام ساتھ لے کر اپنے علاقوں میں جائیں گے اور قوم کو جماعت اسلامی کا دست وبازو بنائیں گے 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کی سنگل لارجسٹ پارٹی بنے گی ایران سعودی کشیدگی کے حوالے سے مشتاق احمد خان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کشیدگی امت مسلمہ کے درمیان شعیہ سنی جنگ میں دھکیلنے کی سازش ہے جماعت اسلامی مذاکرات کے ذریعے تنازعات حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی ۔اجلاس میں ضلعی امراء نے ربیع الاول کے دوران یونین کونسلوں کی سطح پر سیرت کانفرنسز کے انعقاد کی رپورٹیں پیش کیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں