ضلع ناظم پشاور میں جاری لاہور سٹیج شوز میں بے ہودہ فحش ڈانسوں اور شہر میں جابجا خواتین کی تصاویر والے پوسٹرز اور سائن بورڈز کی بھرمار کا سخت نوٹس

پیر 4 جنوری 2016 17:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کا پشاور کے آئینہ اور صابرینہ سینما گھروں میں جاری لاہور سٹیج شوز میں بے ہودہ فحش ڈانسوں اور شہر میں جابجا خواتین کی تصاویر والے پوسٹرز اور سائن بورڈز کی بھرمار کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پی ڈی اے اور چاروں ٹاؤنز کو پوسٹرز اور سائن بورڈز فوری ہٹانے کی ہدایت جاری کردیا, جبکہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز سے سینما گھروں میں لاہور شوز کی NOC فوری کینسل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے پولیس کو گذشتہ دنوں خیبر بازار کے دو سینماؤں میں فحش ڈانس اور بے ہودہ مکالمے بولنے پر پروگرام آرگنائزر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان کو ڈسٹرکٹ ممبر خالصہ ون ملک امان نے تحریری درخواست میں التجا کی کہ پشاور کے مقامی سینماؤں جو کہ خیبر بازار میں واقع ہیں ان سینماؤں میں جمعہ  ہفتہ اور اتوار کے روز دوپہر دو بجے سے رات دس بجے تک لاہور شوز کا انعقاد کیا گیا تھا جن میں پشاور کے مقامی فن کاروں اور پنجاب سے آئے ہوئے فنکاروں اور رقاصاؤں نے اخلاق کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے انتہائی فحش ڈانس کئے جبکہ بے ہودہ اور فحش گفتگو کے ذریعے نوجوانوں کے اخلاق اور کردار کو تباہ وبرباد کیا جبکہ ان لاہور شوز کے لئے باقاعدہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ NOC بھی جاری کئے گئے تھے اور NOC کے شرائط کے مطابق شوز میں گروپ ڈانس اور سنگل ڈانس کو ممنوع قرار دیا گیا تھا تاہم سینما انتظامیہ نے شرائط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اخلاقیات کی تمام حدوں کو پار کر دیا ڈسٹرکٹ ممبر نے مزید بتایا کہ شوز آرگنائزر نے فی ٹکٹ دو ہزار روپے ریٹ مقرر کیا تھا اور دو ہزار روپے کے عوض نوجوانوں کے اخلاق و کردار کو تباہ وبرباد کیا گیا انہوں نے ثبوت کے طور پر وڈیوز بھی ضلع ناظم کو پیش کیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ممبر کی نشاندہی اور تحریری درخواست میں انکشافات اور وڈیوز دیکھنے کے بعد ضلع ناظم نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشن کو مراسلے جاری کرتے ہوئے تمام سینماؤں میں جاری لاہور شوز کے NOC فوری کینسل کرنے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سینماء مالکان اور شوز آرگنائزر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے اخلاق وکردار تباہ کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور نہ ہی وہ رعایت کے مستحق ہیں اور ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔

جبکہ مقامی اخبار کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے چاروں ٹاؤنز اور پی ڈی اے کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے شہر بھر میں عورتوں کی بے ہودہ تصاویر والے سائن بورڈز اورپوسٹرز ہٹانے اور شہر کو صاف کرنے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں