مظفر گڑھ کا آزاد امیدوار 4 کھرب 3 ارب روپے کے اثاثوں کا مالک نکلا

ہفتہ 23 جون 2018 22:48

مظفر گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں ایک آزاد امیدوار محمد حسین منا شیخ نے اپنے کاغذات نامزدگی میں کھربوں روپے کے اثاثے ظاہر کردئیے۔محمد حسین منا شیخ کی جانب سے ظاہر کیے گئے اثاثوں کی مالیت 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔خیال رہے کہ مظفر گڑھ سے آزاد امیدوار محمد حسین کی جانب سے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثے اب تک کے سب سے زیادہ مالیت کے اثاثے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد حسین قومی اسمبلی کے حلقہ 182 مظفر گڑھ اور پی پی 270 سے آزاد حیثیت میں امیدوار ہیں۔محمد حسین کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق کھربوں روپے اثاثوں کے باجود انہوں نے ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔اس حوالے سے آزاد امیدوارمحمدحسین نے کہا کہ ان کی تحصیل مظفرگڑھ میں ان کی ملکیت کے 5 علاقے لانگ ملانہ، تلیری، چک تلیری،لٹکراں اور 40 فیصد مظفرگڑھ شہر پر بااثر افراد نے غیرقانونی طور قبضہ کر رکھا تھا تاہم چیف جسٹس سپریم کورٹ نے 88 سال بعد ان کے خاندان کے حق میں فیصلہ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حاصل ہونے والی 5 علاقوں کی زمین کی قیمت کا اندازہ 4 کھرب 3 ارب 11 کروڑ روپے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے 88 سال بعد انہیں ان کا حق دلایا۔

مظفر گڑھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں