ملتان ، ضلع کچہری کے ریکارڈ روم میں آگ لگنے سے 100سالہ ریکارڈ جل کر خاک

ڈی سی اونے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی، آگ لگنے سے ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا کوئی ریکارڈ متاثرنہیں ہوا، بروقت قابوپاکرکچھ حدتک ریونیوریکارڈ بچالیا گیا ہے،ڈی سی او نادرچٹھہ آگ لگنے سے لینڈ،ریونیو اورسول کیسز کا ریکارڈ جل گیا ،ریکارڈ روم میں قیام پاکستان سے قبل تک کار یکارڈ بھی موجودتھا،ذرائع

بدھ 21 دسمبر 2016 23:29

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) ملتان کی ضلع کچہری کے ریکارڈ روم میں آگ لگنے سے 100سالہ ریکارڈ جل کر خاک ہوگیا۔آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ڈی سی او نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملتان کی ضلع کچہری کے ریکارڈ روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔اطلاع پر ریسکیو 1122اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں ،طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا،لیکن آگ لگنے کے نتیجے میں لینڈ،ریونیو ریکارڈ اورسول کیسز کا سو سالہ ریکارڈ جل کر خاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق ریکارڈ روم میں قیام پاکستان سے قبل تک کا ریکارڈ بھی موجود تھا۔خوفناک آتشزدگی سے ریکارڈ روم کی چھت منہدم ہوگئی ہے، جبکہ آگ کے باعث آسمان پر دھوئیں کے بادل چھائے رہے۔

(جاری ہے)

گھنٹوں طویل ریسیکو آپریشن کے باعث گاڑیوں کا پانی بھی ختم ہو گیاجس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے کیلئے پانی کی بالٹیاں بھی استعمال کی گئیں۔ریسکیوآپریشن کے عمل میں فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122کی 9گاڑیوں نے حصہ لیا۔

آگ لگنے کے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری طرف ڈی سی او ملتان نادرچٹھہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی،واقعے کے محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ روم میں پراناریکارڈ موجود تھا، تاہم جلنے والے ریکارڈ کا بھی کوئی بیک آپ نہیں اور اسی لیے آگ لگنے کی فوری انکوائری کا حکم دے دیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آگ اردو محافظ برانچ میں لگی ،جہاں عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔

آگ لگنے سے ملتان میٹروبس پراجیکٹ کا کوئی ریکارڈ متاثرنہیں ہوا۔آگ پر بروقت قابوپاکرکچھ حدتک ریونیوریکارڈ بچالیا گیا ہے۔دریں اثناء ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے ضلع کچہری ملتان کے ریکارڈ روم میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔انکوائری کمیٹی میں میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر،اسسٹنٹ کمشنرصدرشامل ہیں۔دوسری طرف وکلا نے ضلعی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعہ کی فوری انکوائری کا مطالبہ کر دیاہے۔وکلاء کا کہنا ہے کہ ریکارڈ روم میں آگ لگنے سے جنوبی پنجاب کی جائیدادوں کاریکارڈ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔واقعہ کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں