لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے امیدوارمحمد عباس بخاری کو ضلع کونسل ملتان کی چیئرمین شپ کا الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی

منگل 20 دسمبر 2016 16:50

ملتان۔20 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 دسمبر2016ء) لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمدعباس بخاری کو چیئرمین ضلع کونسل ملتان کا الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کی جانب سے محمدعباس بخاری کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے تھے۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے یونین کونسل کے چیئرمین عمر فاروق نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عباس بخاری کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیاگیاتھاکہ مسلم لیگ (ن)کے امیدوار عباس بخاری نے یونین کونسل 180 کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہو کر این اے 153 جلال پور پیر والا کے ضمنی الیکشن میں حصہ لیا تھا اور اس الیکشن میں انہیں 277ووٹ ملے تھے ۔

وہ چونکہ یونین کونسل کے چیئرمین نہیں اس لئے ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کا الیکشن نہیںلڑ سکتے۔

(جاری ہے)

فریقین کے دلائل سننے کے بعد ان کے کاغذات مسترد کر دیئے گئے تھے۔عباس بخاری نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور یہ موقف اختیار کیا کہ وہ بدستور یونین کونسل 180 کے چیئرمین ہیں۔لاہور ہائی کورٹ نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ عباس بخاری کا نام چونکہ الیکشن کمیشن کی جاری کردہ الیکٹورل کالج کی فہرست میں شامل ہے اور ان کی چیئرمین یونین کونسل کی حیثیت کو الیکشن کمیشن نے بھی چیلنج نہیں کیااس لئے یہ الیکشن لڑ سکتے ہیں۔واضح ہو کہ ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کا الیکشن 22 دسمبر کو منعقد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں