بلدیاتی اداروں میں خواتین کی موجودگی سے واضح ہوتا ہے کہ خواتین سیاسی و جمہوری عمل میں شرکت پر یقین رکھتی ہیں

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا نومنتخب خواتین اراکین ضلعی و میونسپل کارپوریشن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 19:37

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں خواتین کی موجودگی سے واضح ہوتا ہے کہ خواتین سیاسی و جمہوری عمل میں شرکت پر یقین رکھتی ہیں، تاہم لازم ہے کہ نو منتخب اراکین ضلعی اسمبلی خواتین کے حوالے سے قانون سازی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اقتدار ساز اداروں تک ان خواتین کے حقوق کی آواز پہنچائیں جو اسمبلی میں نہیں ۔

تشدد سے متاثرہ عورتوں کی معاونت کرنے والے اداروں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔گزشتہ روز آواز ڈسٹرکٹ فورم ملتان کے زیر اہتمام ادارہ استحکام شرکتی ترقی کے اشتراک سے منعقدہ نومنتخب خواتین اراکین ضلعی و میونسپل کارپوریشن ملتان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ صنفی امتیاز اور تشدد کے حوالے سے قانون سازی سے پاکستانی خواتین کے ترقی کے معیار میں بہتری پیدا ہونا شروع ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم نظام میں موجود اب بھی بہت سے مسائل ایسے ہیں جن کو زیر بحث لایا جانا چاہیے تاکہ ترقی کا عمل تیز ہوسکے ۔ قانون سازی کے ذریعے خواتین کو با اختیار بنانے کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ صنفی امتیاز کے ضمن میں برابری کی سطح کی حوصلہ افزائی ممکن ہو اور معاشرے میں امن فروغ پائے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہا کیا ۔ اس موقع پر تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے جام جمشید اقبال ( ریجنل ہیڈ ) ، امجد بلوچ، ڈاکٹر اختر ملک ، مسز گلشن وڑائچ ، مس سعدیہ کرمانی ،جواد امین قریشی ،ذہین کنول ، سبین گل ، قربان فاطمہ، شہزاد مرتضی اور عبدالمطلب فرخ نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت خواتین کو مصالحتی کمیٹیوں میں برابری کی سطح پر نمائندگی دی جائے ۔

کم عمری کی شادی کے قانون میں ترمیم کرکے لڑکی کی شادی کی عمر بھی 18سال مقرر کی جائے ۔ قوانین پر عملدرآمد اور انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لئے حقیقی جمہوری اقدار اور تعلیم کو فروغ دیا جائے ۔ تقریب سے آصف رشید غوری ، آسیہ رفیق ، اللہ رکھی ، سمعیہ کنول نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں