دنیاکامقابلہ کرنے کیلئے تحقیق کی بنیاد پرتعلیم حاصل کرناہوگی ،گورنرپنجاب

جمعہ 16 دسمبر 2016 18:28

ملتان۔16 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2016ء)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے تحقیق کی بنیاد پر تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔تعلیمی کوالٹی کو بین الاقوامی میعار پر لانا اور ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو اعلیٰ روایت کا حامل بنا کر ان کے وقار کو بلند کرنا ہے ۔تعلیم صرف ڈگری کا حصول ہی نہیں ہوناچاہئے ہمیں اپنے ملک اور معاشرے کا قرض اتارنا ہے، ہم نے جو کچھ سیکھا ہے عملی طور پر اس کو استعمال میں لا کر عام لوگوں کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا ہے، ہمیشہ قومی مفادات کو انفرادی مفادات پر فوقیت دینا ہوگی ۔

جمہوریت کو مستحکم کرنا، عدلیہ کی آزادی، اداروں کو مضبوط بنانا اور کرپشن کا خاتمہ اہم ترجیحات ہونی چاہئیں۔

(جاری ہے)

کرپشن کے خاتمے کے لئے ضربِ عضب جیسا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے 13واں کانووکیشن کے موقع پر آج یہاں خطاب کرتے ہوئے انہوںنے مزید کہا کہ ہمارے طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں۔

ہمیں ان کی آبیاری پر خصوصی توجہ دینی ہے تاکہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطنِ عزیز کی بھرپور خدمت کریں اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے چائلڈ لیبرز کا خاتمہ کردیا گیا ہے طلباء کو تعلیمی وظائف دئیے جارہے ہیں ایسے طلباء جن کے والدین تعلیمی اخراجات پورے نہیں کرسکتے ان ذہین بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت اداکررہی ہے ۔

پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کے تعلیمی دورے کرائے جارہے ہیں تاکہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر لاسکیں۔ والدین کو چاہئے کہ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے بعد گھر بٹھانے کے بجائے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ گورنر پنجاب نے تمام طلباء و طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو آج گولڈ میڈلز اور اعلیٰ تعلیمی ڈگریوں سے نوازاجارہا ہے اس پر آپ کے اساتذہ اور والدین بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو چاہئے کہ وہ اپنے میڈلز اپنے والدین کی گودمیں ڈال دیںجن کی دعائوں اور محنت کی بدولت وہ آج اس مقام پر پہنچے ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ آج آپ نے اپنی زندگی کی ایک سٹیج مکمل کر لی ہے اب آپ کو عملی زندگی میں جانا ہے اور یاد رکھئے کہ آپ کے نزدیک ملک و قوم کا وقار اولین ہے اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ عام انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے مزید کہا کہ میں اس خطے اور دھرتی کا مقروض ہوں میری پوری کوشش ہے کہ میں عوام کی خدمت کر کے اپنے اس قرض کو اتاروں ، بطورچانسلر پورے پنجاب کی بالخصوص جنوبی پنجاب اور ملتان کی بالخصوص یونیورسٹیز کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانا، ان کے مسائل حل کرنا اور طلباء و طالبات کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہے کہ ملتان میں سپیشل بچوں کے تعلیمی ادارے کو گریجوایشن لیول تک اپ گریڈ کیا جائے تاکہ ہمارے سپیشل بچے بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ کانووکیشن سے وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے اندر یونیورسٹی کے تعلیمی معیار میں بہت بہتر ی آئی ہے۔

بہاء الدین زکریا یونیورسٹی قومی سطح پر رینکنگ میں پانچویں نمبر پر اور دنیا کی بہترین 9سو یونیورسٹیزمیں شامل ہوگئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی میعار کو بہتر کرنے کے لئے اساتذہ کی کمی کو پورا کیا گیا ہے۔ایک سال کے اندر اساتذہ کے چھ سلیکشن بورڈز کروائے گئے۔ فکلیٹی ممبران کو پی ایچ ڈی کے لئے دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کے لئے سکالرشپ دئیے گئے۔

تحقیق کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ، یونیورسٹی میں قومی اور بین الاقوامی سطح کی ریسرچ کانفرنسس کروائی گئیں۔بین الاقوامی ریسرچ جنرلزمیں تحقیقاتی مقالہ جات شائع ہوئے۔ایک سال کے اندر مختلف شعبہ جات میں پچاس سے زائد سیمینارز منعقد کئے گئے۔ یونیورسٹی کی کے لئے بہترین انتظامات کرتے ہوئے 25واچ ٹاور تعمیر اور وائرلیس سسٹم بھی استعمال کیا گیا۔

باقاعدگی سے سینڈیکیٹ کے اجلاسز کا انعقاد کیا جارہاہے سینٹ کا اجلاس کروایا گیا ،بورڈ آف ایڈوانس سٹڈی کے اجلاسز باقاعدگی سے ہورہے ہیں لاہور سب کیمپس کا مسئلہ حل کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے لئے یہ بات قابلِ فخر ہے کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ایک بہترین تعلیمی ادارہ بن چکی ہے اور کوالٹی ایجوکیشن کی طرف گامزن ہے۔ ایسے عناصر جو بدنظمی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی تاکہ یونیورسٹی سے ہر قسم کی بدنظمی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

کانووکیشن میں پی ایچ ڈی، ایم فل، ایم اے /ایم ایس سی اور بی ایس پروگرامز کی 5733طلباء و طالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں۔جن میں 48پی ایچ ڈی کی ڈگریاں اور33ایم فِل اورماسٹرز اور بی ایس پروگرامز کی170گولڈ میڈلز بھی شامل ہیں ۔کانووکیشن کے آخر میںگورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مطاہر اقبال اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر عمر چوہدری کو شیلڈز دیںجبکہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طاہرا مین نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طاہر امین، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مطاہر اقبال، کنٹرولر امتحانات پروفیسرڈاکٹر محمدعمر چوہدری، ڈینزپروفیسر ڈاکٹر عذرا اصغر علی، پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری، پروفیسر ڈاکٹر بشیراحمدچوہدری، پروفیسر ڈاکٹر مسعود اختر، سینئر فکلیٹی ممبران پروفیسر ڈاکٹر سعید الرحمن، پروفیسر ڈاکٹر اکبر انجم، پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق، پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک، ممبران یونیورسٹی سینڈیکیٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران شریف،ڈاکٹر مقرب اکبر، ڈاکٹر طاہرسلطان،آمنہ حسنین نقوی،ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز پروفیسر ڈاکٹر اشرف خان، ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر،ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز محمد اعجاز رانا، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز بی زیڈ یوپروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب بھی موجود تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں