لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمدنے ملتان 2کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارکو سونپ دی

ملتان کور میں کمان تبدیلی کی سادہ وپروقار تقریب ،اعلیٰ فوجی وسول شخصیات کی شرکت

بدھ 14 دسمبر 2016 22:25

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 دسمبر2016ء) لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمدنے ملتان 2کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار( ہلال امتیاز ملٹری )کو سونپ دی۔تفصیلات کے مطابق ملتان کو ر ہیڈ کوارٹرز میں تبدیلی کمان کی سادہ و پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار (ہلال امتیاز ملٹری) کو ملتان کور کی کمان سونپ دی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمدنے شرکاء سے کہا کہ مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہے کہ میں نے 2015 میں ملتان کور کی کمان سنبھالی اور پیشہ وارانہ انداز میں بڑی خوش اسلوبی سے اپنے فرائض کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستاراعلیٰ اہلیت کے حامل آفیسر ہیںجو انشاء اللہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں گے۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے اپنی کمان کے دوران ہونے والے اہم معاملات خصوصاً چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن ، ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے اہم اقدامات، جنوبی پنجاب کی ثقافتی تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے تصویری نمائش ، گریژن پبلک لائبریری کا قیام ،یوم دفاع ، یوم آزادی ، یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کروایا اورخصوصاً سیلاب کے دوران جنوبی پنجاب کا پاکستانی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ متاثرین کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسا باہمی تعلق مزید استحکام کی بنیاد بننے میں اہم کردارادا کرے گا۔

تقریب کے آخر میں کور کمانڈر کی کمان سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارنے اپنے دورِ قیادت کے دوران پیشہ وارانہ انداز میں مزید اعلیٰ اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔ملتان کور ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اس تقریب میں کمانڈر ملتان لاگ ایریامیجر جنرل فہیم العزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عابدممتاز، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد عارف، ملتان کور کے حاضرسروس ا ور ریٹائرڈ افسران کے علاوہ سول ایڈمنسٹریشن اور اعلیٰ سول شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں