ملتان کو ر ہیڈ کوارٹر زمیں تبدیلی کمان کی پروقار تقریب ،سینئر آرمی افسران نے شرکت کی

لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمدنے ملتان 2کور کی کمان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو سونپ دی

بدھ 14 دسمبر 2016 16:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2016ء) ملتان کو ر ہیڈ کوارٹرز میں تبدیلی کمان کی سادہ و پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد( ہلال امتیاز ملٹری) نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار (ہلال امتیاز ملٹری) کو ملتان کور کی کمان سونپ دی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمدنے شرکاء سے کہا کہ مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہے کہ میں نے 2015 میں ملتان کور کی کمان سنبھالی اور پیشہ وارانہ انداز میں بڑی خوش اسلوبی سے اپنے فرائض کو پایہء تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ لیفٹینٹ جنرل سرفراز ستاراعلیٰ اہلیت کے حامل آفیسر ہیںجو انشاء اللہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں گے۔لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد نے اپنی کمان کے دوران ہونے والے اہم معاملات خصوصاً چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن ، ضرب عضب کے متاثرین کی بحالی کے اہم اقدامات، جنوبی پنجاب کی ثقافتی تہذیب کو اجاگر کرنے کے لیے تصویری نمائش ، گریژن پبلک لائبریری کا قیام ،یوم دفاع ، یوم آزادی ، یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کروایا اورخصوصاً سیلاب کے دوران جنوبی پنجاب کا پاکستانی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ متاثرین کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسا باہمی تعلق مزید استحکام کی بنیاد بننے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

تقریب کے آخر میں کور کمانڈر کی کمان سنبھالنے والے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارنے اپنے دورِ قیادت کے دوران پیشیہ وارانہ انداز میں مزید اعلیٰ اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شرکاء تقریب کا شکریہ ادا کیا۔ملتان کور ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اس تقریب میں کمانڈر ملتان لاگ ایریا میجر جنرل فہیم العزیز،جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عابدممتاز، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد عارف، ملتان کور کے حاضرسروس ا ور ریٹائرڈ افسران کے علاوہ سول ایڈمنسٹریشن اور اعلیٰ سول شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں