ملک بھر کی طرح ملتان میں جشن عیدمیلادالنبیﷺ مذہبی جوش وجذبے سے منایاگیا

پیر 12 دسمبر 2016 18:30

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی عید میلادالنبیﷺ کاتہوارمذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پرملتان اورگردونواح میں عیدمیلادالنبیﷺ کے جلوس نکالے گئے۔ضلع ملتان میں عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں میں سینکڑوں جلوس برآمد ہوئے۔ملتان میں نکالے جانے والے جلوس شہر کے روایتی جلوس میں شامل ہوگئے۔

انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام 82واں مرکزی جلوس صبح دولت گیٹ سے نکالاگیا ۔جلوس کی قیادت تنویرالحسن گیلانی صدرانجمن اسلامیہ،سجادہ نشین دربارموسی پاک شہید سیدوجاہت حسین گیلانی،مخدوم جاوید ہاشمی،پی ٹی آئی ر ہنماء شاہ محمودقریشی،احمد مجتبی گیلانی،سید علی حیدرگیلانی،غلام یزدانی گیلانی،راجن بخش گیلانی نے کی۔

(جاری ہے)

جلوس حسین آگاہی ،چوک بازار ،صرافہ بازار،پاک گیٹ،چوک شہیداں،چوک پانی والی ٹینکی،بوہڑ گیٹ سے ہوتا ہوا چوک گھنٹہ گھرپہنچا جہاں اس میں دیگر جلوس بھی شامل ہوگئے۔

عیدمیلادالنبی ﷺ کاایک اوربڑا جلوس قلعہ قاسم باغ دربار حامدیہ سے قاری احمد میاں اور قاری ناصرمیاں کی قیادت میں برآمد ہوا جو چوک گھنٹہ گھر پر انجمن اسلامیہ کے مرکزی جلوس میں شامل ہوگیا۔جلوس میں اونٹوں کے قافلے ،گاڑیاں،ویگنیں ،روایتی ملبوسات میں بچے اورشہریوں کی بہت بڑی تعدادشامل تھی۔جلوس کے ساتھ مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل بھی موجودتھے۔

مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے اور شرکاء میں شیرینی اور مشروبات تقسیم کیے گئے۔ویگنوں اور گاڑیوں پر لائوڈسپیکروں کے ذریعے نعتیں اور قوالیاں سنائی جا تی رہی۔جلوس کے دوران شرکاء درودشریف کاورد بھی کرتے رہے اور فضاء تکبیراوررسالت کے نعروں سے گونجتی رہی۔جلوس کے تمام راستوں کو سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایاگیاتھا۔جلوس کے شرکاء نے اپنے سینوں پر مختلف بیج آویزاں کررکھے تھے۔جلوس شام کو واپس دولت گیٹ چوک پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔اس موقع پر سیرت کے حو الے سے جلسہ عام منعقد ہوا جس میں علماء کرام نے شان رسالت بیان کی۔رات کو بہترین سجاوٹ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں