دہشت گردوں کیخلاف آپریشن اس وقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اسے سیاسی ضرورتوں کے تابع رکھا جائے گا، نئے آرمی چیف اپنے چارج سنبھالنے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف موثر اور فوری لائحہ عمل کا اعلان کریں

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی گفتگو

منگل 29 نومبر 2016 22:17

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جنرل قمرجاوید باجوہ کی آرمی چیف کے طور پر تقرری کو مستحسن قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اسی تسلسل کے ساتھ برقرار رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز میں سب سے زیادہ توجہ طلب دہشت گردی کے عفریت سے چھٹکارا ہے جس نے ملک امن و امان کو غارت کررکھا ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اس وقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اسے سیاسی ضرورتوں کے تابع رکھا جائے گا ۔وطن عزیز کی اقتصادی بدحالی، عدم استحکام اور بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ انتہا پسند طاقتیں ہیں جو تکفیر کے فتوے لگا کر ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم رکھنا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات ثقلین نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ دہشت گردوں کے خلاف ان کا دوٹوک موقف ہے۔

ان کے دور میں جو اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے ان پر ترجیح بنیادوں پرآگے بڑھانا ہوگا۔ضرب عضب کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے ان سہولت کاروں تک لے جانا انتہائی ضروری ہے۔جنرل باجوہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف موثر اور فوری لائحہ عمل کا اعلان کریں۔ان عناصر کو نکیل ڈالی جائے جو مذہب کی آڑ میں ملکی سلامتی کے خلاف گھنانے عزائم کی تکمیل میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہ سرحدی علاقوں میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور پاکستان کے داخلی معاملات میں بے جا مداخلت پر فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے ۔کمزور خارجہ پالیسی کے باعث ہم کشمیر کے معاملے کا عالمی سطح پر موثر دفاع نہیں کر سکے۔ اس تنازع کے حل کے لیے تمام عالمی فورمز پر بھارت کے مکروہ عزائم آشکار کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور بھارت کے ساتھ تعلقات میں سیاسی وعسکری قیادت میں ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن اس وقت تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اسے سیاسی ضرورتوں کے تابع رکھا جائے گا۔جنرل باجوہ ملک سے دہشت گردی کامکمل خاتمہ کر کے پاکستان کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے رقم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں