ملتان، کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت اور کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف سیاسی ودینی جماعتوں کا یوم احتجاج

خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور،ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں شہر شہرجماعة الدعوة، تحریک آزادی کشمیر اور تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے،ریلیاں،بھارتی پرچم نذرآتش،جماعة الدعوة کی ملتان میں احتجاجی ریلی،تحریک انصاف کا رکن قومی اسمبلی ملک عامرڈوگرکی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ،اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ‘ جارحیت پسندی بھارت کو مہنگی پڑے گی،مقررین

جمعہ 25 نومبر 2016 21:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 نومبر2016ء) کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت اور کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف سیاسی ودینی جماعتوں نے جمعہ کو یوم احتجاج منایا۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں جماعت الدعوة، تحریک آزادی کشمیر اور تحریک انصاف کے زیراہتمام شہر،شہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔بھارتی جارحیت کیخلاف خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔

ملتان میں جماعت الدعوة کی جانب سے مرکز سعد بن ابی وقاص 07نمبر چونگی سے چوک کچہری تک کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی اور چوک کچہری ملتان میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈاور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف اور کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرے کے اختتام پر بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔مظاہرے کی قیادت جماعت الدعوة جنوبی پنجاب کے مسئول محمد عمران نے کی ۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوةجنوبی پنجاب کے مسئول محمد عمران ، جماعت الدعوة ضلع ملتان کے مسئول میاں سہیل احمد ،محمد ایوب مغل صدر جمیعت علمائے پاکستان ملتان،ڈاکٹر ناصر ہمدانی چئیرمین مسلم میڈیکل مشن،مولانا عبدالرحمان شاہین مدیر جامعہ اسلامیہ پاکستان و دیگر کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج کا وادی نیلم میں نہتے شہریوں اور فوجی جوانوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے۔

لائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ اور گولہ باری غیر اعلانیہ جنگ کے مترادف ہے۔ بھارت اشتعال انگیزی پھیلاکر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے۔بھارت کا کنٹرول لائن پر فائرنگ کا مقصدمسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔ جارحیت پسندی بھارت کو مہنگی پڑے گی۔ سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستان خاموشی اختیار نہ کرے۔

بھارت اس سے قبل بھی کشمیر کے متعدد سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کرتا رہا ہے۔ اگر بھارت اشتعال انگیزی سے باز نہیں آتا تو پاکستان بھی اپنی دفاع میں حق بجانب ہوگا۔ جماعت الدعوة جنوبی پنجاب کے مسئول محمد عمران کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کے بعد ایل او سی کے پار بھی خون بہانا چاہتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے بے گناہ شہری، مکانات اور مال مویشی بھی خطرات کی زد میں ہیں۔

اشتعال انگیزی کے نتائج بھارت کے حق میں بہتر نہیں ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت کو پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان ایک صفحے پر ہیں۔جماعة الدعوة کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ممبر قومی اسمبلی و رہنما پاکستان تحریک انصاف ملک محمد عامر ڈوگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی انتہا پسندی ، غنڈہ گردی اور معصوم پاکستانیوں پر بمباری قابل مذمت ہے ، بھارت عالمی غنڈہ بن چکا ہے اور انسانی حقوق کی پامالی اس کا مین ایجنڈا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی جارحیت و جنگی جنون کے خلاف اپنی قیادت میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کرتے ہوئے کیا ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان مودی سرکار سے دو ٹوک الفاظ میں بات کرے کیونکہ جنگ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں اور وزیر اعظم پاکستان اپنے دوست مودی کو جنگی جنون سے باز رکھنے کیلئے عالمی سطح پر پاکستانی موقف کو ا جاگر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے وحشیانہ بمباری سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور بھارت میں مودی سرکار کھلی جارحیت پر اتر آئے ہیں ۔ انہوں کہا کہ نواز شریف اور مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف خاموشی اس بات کا عملی ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان وطن عزیز پاکستان کی حفاظت و دفاع کیلئے نہ صرف جوانمردی سے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں بلکہ پاکستانی عوام بھی اس حوالے سے بے شمار قربانیاں اور جام شہادت نوش کررہے ہیں ، اقوام متحدہ اور مسلم ممالک کو چاہئے کہ وہ بھارتی وحشیانہ کارروائیوں کو رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ بھارت کو کسی صورت سی پیک منصوبہ ہضم نہیں ہورہا اور اسی کے تناظر میں وہ لائن آف کنٹرول پر جارحانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، پاکستانی قوم بہادر ، جرأت مند ہیں ، بھارت کی غنڈہ گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں بھارت اگر اپنے جنگی جنون سے باز نہ آیا تو پھر ملکی دفاع اور عوامی جانوں کے تحفظ کیلئے ہم ہر قسم کی قربانی دے سکتے ہیں ۔ اس موقع پر ایم پی اے ظہیرالدین علیزئی، مختلف یونین کونسلوں کے نومنتخب چیئرمین عاصم کالرو، منور قریشی، خواجہ سلیمان صدیقی، شیخ طاہر، بابر شاہ، ساجد نواز کھوکھر، عمران سلہری، سبین گل خان، عابدہ حسین بخاری، قربان فاطمہ، سعدیہ بھٹہ، حسن خان علیزئی سمیت دیگر شریک تھے ۔

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماشیخ محمد یونس نے کہا ہے کہ پاکستان کو کوئی بھی عدم استحکام کا شکار نہیں کر سکتا۔ بھارت اوچھی حرکتیں کر کے اپنی تباہی خود کروانا چاہتاہے۔ جنرل راحیل شریف نے ملکی استحکام کو تاریخی دوام بخشا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا عہد ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہو چکا ہے۔ ملک کی اندرونی خانہ جنگی کی صورتحال کا خاتمہ جنرل راحیل شریف کا ہی کار نامہ ہے۔ ضرب عضب نے ملک دشمنوںکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ یہ بھی جنرل راحیل شریف کا ہی مستحسن اقدام تھا۔ انکی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائیگا۔ ان کا کردار سب کے لیئے قابل تقلید ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں