مٹیاری،رمضان المبارک کے دوران مقرر کردہ نرخوں پراشیاء کی خریداری ہر قیمت پر یقینی بنانے کا فیصلہ

رمضان المبارک مقدس ماہ ہے جو کہ ہر مسلمان کیلئے برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے اس کا احترام کرنا ہر انسان کا فرض ہے، ڈپٹی کمشنر

منگل 15 مئی 2018 13:00

مٹیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) رمضان المبارک کے دوران مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصولی ،ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے، بھاری جرمانے عائد کرنے اور احترام رمضان المبارک کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیاہے، یہ فیصلہ منگل کوڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ کی زیر صدارت لطیف ہال مٹیاری میں ہونے والے پرائز کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں اے ڈی سی ون سید مرتضیٰ علی شاہ، اے ڈی سی ٹو منظور احمد، اے سی مٹیاری امام بخش کاکا، اے سی ہالاشبیر جان جسکانی، اے سی سعیدآباد سہیل احمد آرائیں، ایڈیشنل ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی ساجد جوکھیو، مارکیٹ کمیٹی کے ممبرز، کریانہ مرچنٹ ، سبزی فروش، گوشت کے تاجروں و پولیس اور بلدیہ کے عملداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ نے کہا کہ رمضان المبارک مقدس ماہ ہے جو کہ ہر مسلمان کیلئے برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے اس کا احترام کرنا ہر انسان کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ شگر اور فلور ملز کے مالکان رمضان المبارک پیکج کے تحت اپنے متعلقہ علاقوںمیں غریب لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے آٹے اور چینی کے سستے اسٹال لگائیں۔ انہوں نے بیوپاریوں اور دکانداروں کو اپیل کی کہ وہ صاف ستھری اشیاء فروخت کریں اور ناپ تول کا خصوصی خیال رکھیں اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے مختلف اشیاء خردو نوش کی نرخوں کی فراہم کردہ فہرست کے حساب سے اپنی اشیاء فروخت کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ روزمرہ کی اشیاء خردو نوش کی مقر ر کردہ نرخوں کی فہرست اپنے دکانو پر کسی نمایاں مقام پر چسپاں کریں تا کہ لوگ اس فہرست کے حساب سے خریداری کرسکیں ۔انہوں نے بیوپاریوں اور دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ روزمرہ کی اشیاء خردو نوش سستی اور حکومت کے مقرر کردہ نرخو ں پر فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر زیادہ نرخ وصول کرنے والے یا منافع خوری کرنے والے بیوپاریوں اور دکانداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بیورو آف سپلائی اور پرائسز، مارکیٹ کمیٹی اور روینیو افسران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مختلف مارکیٹوں اور بازاروں کا اچانک دورہ کریں اور زائد نرخ وصول کرنے والوں یا منافع خوری کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔

مٹیاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں