اوتھل میں کوچ اور ٹرک میں خوفناک تصادم ،بچی اوردو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق،18افراد شدید زخمی

زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک،حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ہرطرف آہ وبکا،رقت آمیز مناظر ،مسافر ایک دوسرے کے پیاروں کو تلاش کرتے رہے

ہفتہ 3 مارچ 2018 17:24

اوتھل میں کوچ اور ٹرک میں خوفناک تصادم ،بچی اوردو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق،18افراد شدید زخمی
اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مارچ2018ء) اوتھل میں کوچ اور ٹرک میں خوفناک تصادم ،بچی اوردو خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق،18افراد شدید زخمی ،زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک،حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ہرطرف آہ وبکا،رقت آمیز مناظر ،مسافر ایک دوسرے کے پیاروں کو تلاش کرتے رہے ،تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں زیرو پوائنٹ کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی ال سیف مسافر کوچ نمبرBSB-509مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جسکے نتیجے میں ایک بچی اور دو خواتین سمیت چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 18افراد شدید زخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ،ایدھی ،ایف سی اور موٹروے پولیس کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طورپر لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں اور لائف کے رضاکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے جنہیں فوری طور پر کراچی منتقل کردیاگیا جاں بحق ہونے والوں میں بی بی رابعہ بنت یارمحمد خروٹ سکنہ کراچی،خوردا د بی بی زوجہ باران اچکزئی سکنہ کوئٹہ ،خورجو بنت محمد عظیم اچکزئی سکنہ کوئٹہ،عبدالودودولد حاجی محمد رحیم موسیٰ خیل سکنہ کوئٹہ،حاجی محمد ولد نذر محمد اچکزئی ،خالق داد ولد گل داد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں مبارک دین،حاجی شیر جان،سرور،محمدخان،نیاز محمد،بی بی حوا،یار محمد،باران،نعمت اللہ،عبدالعزیز ،محمد ہاشم،غلام فاروق،محب اللہ اور دیگر شامل ہیں حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ہرطرف آہ وبکا اورخون ہی خون پھیل گیا زخمی اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے اس دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیر احمد مینگل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوتھل پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال کے عملے کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی ہدایت کی ادھر اوتھل پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

لسبیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں