لاہور، جو لوگ محض ذاتی مفادات کی خاطر اپنی وفاداریاں بدل کر ہر موسم میں لوٹا کریسی کامظاہرہ کرتے ہیں،حافظ محمد ادریس

وہ جانوروں سے بھی بدتر ہیں ، اگر عوام میں نچلی سطح پر شعور بیدار کردیا جائے تو سیاست میں لوٹوں کا خاتمہ ہوجائے ، نائب امیر جماعت اسلامی کی سیاسی رہنمائوں و کارکنوں سے گفتگو

اتوار 24 جون 2018 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاہے کہ جو لوگ محض ذاتی مفادات کی خاطر اپنی وفاداریاں بدل کر ہر موسم میں لوٹا کریسی کامظاہرہ کرتے ہیں ، وہ جانوروں سے بھی بدتر ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ضلع ننکانہ ، منڈی بہائوالدین اور گجرات سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی کے سیاسی ورکرز اور رہنمائوں سے منصورہ میں گفتگو کے دوران کیا ۔

حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اگر عوام میں نچلی سطح پر شعور بیدار کردیا جائے تو سیاست میں لوٹوں کا خاتمہ ہوجائے ، المیہ یہ ہے کہ سیاسی رہنما کسی اصول ، ضابطے اور اخلاق کی پابندی نہیں کرتے تو بے چارے عوام کیا کریں ۔ گدھوں کی نیلامی اور خرید و فروخت پر جب تک مکمل پابندی نہ لگائی جائے ، نظام میں اصلاح ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہر انتخاب میں محض چہرے بدلتے ہیں جبکہ لوٹ مار ، بدعنوانی اور اقرباپروری کا کلچر نہ صرف برقرار رہتاہے بلکہ ہر نئی حکومت پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ظلم و ستم کے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہے ۔

محض ایک سیٹ کے لالچ میں جو لوگ بے ضمیر ہو جاتے ہیں ، انہیں سوچناچاہیے کہ اتنی جلدی تو وہ جانور بھی اپنی وفاداری نہیں بدلتا جسے اس کا مالک محض روٹی کا ایک ٹکڑا صبح شام کھلاتاہے ۔ وہ اس کے در پر نہ صرف جم کر بیٹھا رہتاہے بلکہ ہر خطرے کے وقت میں جان کی پروا کیے بغیر حملہ آوروں کا مقابلہ کرتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاست سے گند اور غلاظت کا خاتمہ کیسے ہوگا ، جبکہ حالیہ انتخابی عمل میں دستور کی دفعہ 62-63 کی جان ہی نکال دی گئی ہے ۔ ایسے حالات میں باکردار کارکنوں اور راہنمائوں کو لٹیروں کے مقابلے کے لیے زیادہ محنت اور جرأت کی ضرورت ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں