آزادانہ، شفاف انتخابات کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے‘چیف سیکرٹری پنجاب

ڈویژنل، ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے ، امن وامان برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے

جمعہ 22 جون 2018 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اورشفاف انتخابات کا انعقاد قومی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کو پوراکر نے کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ہرممکن اقدامات کئے جائیںگے۔سول سیکرٹریٹ میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ امن وامان کا قیام پرامن انتخابات کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہڈویژن اور ضلع کی سطح پر انٹیلیجنس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اورصورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ان کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن وامان اور پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونیوالے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے افسران اوپن ڈور پالیسی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی طرح ڈینگی کنٹرول، ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے ، ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوام میں آگاہی کو بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں تمام محکمے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ممکنہ سیلا سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں ، دریاوئں اور ڈیموں میں پانی کی سطح اور موسم کی صورتحال کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔

سیکرٹری داخلہ نسیم نواز نے بتایا کہ الیکشن کے دوران ا من وامان برقراررکھنے کیلئے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سیکرٹری آبپاشی نے اجلاس کو بریفنگ میںبتایا کہ دریائوں اور ڈیموں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے اور سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔اجلاس میں سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ،کمشنر لاہور ، چیف میٹرولوجسٹ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں