سعد رفیق، رانا مشہود زعیم قادری کو منانے میںناکام ،پی ٹی آئی نے شمولیت کی دعوت دیدی

دونوں رہنمائوں نے زعیم قادری سے دو گھنٹے تک ملاقات کی ،تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی

جمعرات 21 جون 2018 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور رانا مشہود احمد خان ٹکٹ نہ ملنے قیادت سے ناراض ہونے والے پارٹی رہنما زعیم حسین قادری کو منانے میںناکام رہے ،دونوں رہنمادو گھنٹے تک تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کراتے رہے تاہم زعیم قادری نے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق زعیم حسین قادری کی سہ پہر چار بجے پریس کانفرنس کی اطلاع پر خواجہ سعد رفیق اور رانا مشہود احمد خان ٹائون شپ پہنچ گئے اور زعیم حسین قادری سے ملاقات کی ۔

اس موقع زعیم حسین قادری کے حامیوںنے ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، قادری تیرا اک اشارہ حاضر حاضر لہو ہمارا ، قادری تیرے جانثار بے شمار بے شمار کے نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے زعیم قادری کو گلے بھی لگایا اور بعد ازاں تینوں رہنما ملاقات کیلئے الگ کمرے میں چلے گئے جہاں تقریباً دو گھنٹے تک ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر زعیم قادری قیادت کے فیصلے کے خلاف پھٹ پڑے جس پر دونوں رہنمائوں نے انکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم زعیم قادری نے ماننے سے انکار کردیا اور آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ۔

علاوہ ازیں تحریک انصاف نے زعیم حسین قادری کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ زعیم قادری کیلئے دروازے کھلے ہیں ۔ وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا کہ زعیم قادری سیاسی پختگی رکھنے والے رہنما ہیں ۔ کارکنوں کا استحصال کرنا (ن) لیگ کا وطیرہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زعیم قادری بارش کا پہلا قطرہ ہے ۔اس سے لیگ کی اصلیت سامنے آ گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں