شہباز شریف ‘خواجہ سعد رفیق اور حمزہ شہبا زشر یف کا 2/2شادیوں کا اعتراف

شہبازشریف صرف ایک کروڑ 14لاکھ 2ہزار 694 روپے کا بینک بیلنس ‘ 172کنال اراضی بھی ‘ حمزہ شہباز کا 43 لاکھ 70 ہزار 243 روپے کا بینک بیلنس ہے‘ وہ رمضان شوگر ملز سمیت 21 نجی ملز میں شیئر ہولڈ ہیں تاہم ان کے نام پر ذاتی کوئی گاڑی نہیں ہے‘کاغذات نامزدگی میں بتائی گئیں شہباز شریف‘ حمزہ شہباز اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

جمعرات 21 جون 2018 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، انکے صاحبزادے سابق رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ الیکشن کمیشن میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف صرف ایک کروڑ 14لاکھ 2ہزار 694 روپے کا بینک بیلنس ہے جبکہ ان کے نام 172کنال اراضی بھی ہے تاہم شہبازشریف 38لاکھ روپے کے مقروض بھی ہیں۔

شہبازشریف حمزہ سپنگ ملز، حدیبیہ پیپرملز سمیت 5 ملوں میں شراکت دار بھی ہیں اور ان کے نام پر ایک لینڈ کروزر گاڑی بھی ہے، ان کی 2بیویاں ہیں ایک اہلیہ کا نام تہمینہ جبکہ دوسری کا نام نصرت ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فراہم کردہ اثاثہ جات کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز کا 43 لاکھ 70 ہزار 243 روپے کا بینک بیلنس ہے اور وہ رمضان شوگر ملز سمیت 21 نجی ملز میں شیئر ہولڈ ہیں تاہم ان کے نام پر ذاتی کوئی گاڑی نہیں ہے۔

کاغذات نامزدگی میں بتائی گئیں تفصیلات کے مطابق والد شہباز شریف کی طرح حمزہ شہباز نے بھی دو شادیاں کررکھی ہیں اور ان کی ایک اہلیہ کا نام رابعہ شہباز جبکہ دوسری کا نام مہرالنسا ہے۔جبکہ خواجہ سعد رفیق نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی کل مالیت 17کروڑ 84لاکھ روپے ظاہر کی ہے جبکہ انہوں نے لوہاری میں 2وراثتی گھروں کی مالیت ایک لاکھ 25 ہزار روپے ظاہر کی۔

دستاویز کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے کزن سے 2کروڑ 95لاکھ روپے قرض بھی لے رکھا ہے جبکہ انہوں نے ڈی ایچ اے فیز 2 میں گھر کی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔سابق وزیر ریلوے نے موضع پھلروان میں 16کنال اراضی کی مالیت 3کروڑ 46لاکھ روپے ظاہر کی، سعدین ایسوی ایٹس مارکیٹنگ اینڈ کنسلٹینسی کی مالیت 2کروڑ 98لاکھ کے علاوہ ایک کروڑ 40لاکھ روپے نقد اور پرائز بانڈ ظاہر کیے۔

دستاویز کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے 25لاکھ روپے کا فرنیچر اور بینک اکائونٹ میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے ظاہر کیے۔سابق وزیر ریلوے کے جمع کرائے جانے والے حلف نامے کے مطابق ان کی دو بیویاں، 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔دستاویز کے مطابق سعد رفیق نے 2015ء میں 2کروڑ 26 لاکھ روپے آمدن پر 29 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ 2016ء میں 2کروڑ 99لاکھ آمدن پر 39 لاکھ روپے کا انکم ٹیکس ادا کیا۔اسی طرح 2017ء میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ روپے انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ سعد رفیق نے کاغذات نامزدگی میں ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں