ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے ہیئر ڈریسرز کیلئے شیونگ کٹس مہنگی خریدنے کا انکشاف

خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، عجلت میں 40 ہزار شیونگ کٹس کی خریداری لیکن صرف 4 ہزار ہیئر ڈریسرز ہی تاحال رجسٹرڈ ہوسکے‘ذرائع

بدھ 20 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے ہیئر ڈریسرز کیلئے شیونگ کٹس مہنگی خریدنے کا انکشاف،خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، عجلت میں 40 ہزار شیونگ کٹس کی خریداری لیکن صرف 4 ہزار ہیئر ڈریسرز ہی تاحال رجسٹرڈ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے زیر انتظام ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے مہنگی ادویات کی خریداری کے میگا سکینڈل کے بعد اب ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے ہیئر ڈریسرز کو شیونگ کٹس فراہم کرنے کے معاملے میں بھی بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی جانب سے جو شیونگ کٹس خریدی گئی ہے وہ 200 بلیڈز ، 2 استرے ، 2 قینچیاں ، 2 کنگھیاں ، 2 شیونگ مگ ،ایپرن ، کٹر ، ڈیٹول کی شیشی اور بیگ پر مشتمل ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق خریدی گئی کٹ کی مارکیٹ میں قیمت 2 ہزار سے بھی کم بنتی ہے لیکن ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت 3ہزار 200 روپے میں ایک شیونگ کٹ خریدی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ محکمہ پرائمری ہیلتھ نے ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت 40 ہزار شیونگ کٹس خریدیں لیکن ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام صوبے بھر میں تاحال صرف 4 ہزار ہیئر ڈریسرز کی رجسٹریشن مکمل کر سکا ہے ۔ شیونگ کٹس کی خریداری میں خزانے کو مبینہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں