الیکشن کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے طے کردہ لائحہ عمل پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائیگا، حسن عسکری

پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری نبھائینگے،قومی ذمہ داری کی ادائیگی میں سرخروہونگے شہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرامن فضا قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 20 جون 2018 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابات کا پرامن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا پورا موقع دیں گے۔انہوںنے کہا کہ امن معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی ضروری ہے اورسرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بھی امن ناگزیر ہے۔

نگران حکومت امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔انہوںنے کہا کہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور انتخابات کے دوران ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ شہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرامن فضا قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور نگران حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔

انہوںنے کہا کہ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے فریم ورک کے مطابق تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پولنگ کے دوران ایسا سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا کہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔امن و امان کے قیام اور پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ معاشرے میں مذہبی رواداری، تحمل، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہے۔الیکشن کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے طے کردہ لائحہ عمل پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری نبھائیں گے اورہم پر جو ذمہ داری عائد ہوئی ہے، انشاء اللہ اس میں سرخرو ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں