ایم ایم اے کی کامیابی سیکولر اورانتہا پسندقوتوں کی موت ثابت ہوگی، پیر اعجا زہاشمی

متحدہ مجلس عمل نظام مصطفی کے نفاذ کی عملی جدوجہد کرے گی،اسلامی نظام معیشت نافذ ، سودی نظام کا خاتمہ ہوگا

بدھ 20 جون 2018 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2018ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدراور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی 25 جولائی کے انتخابات میں کامیابی ڈانس پارٹی ، خلائی مخلوق ، سیکولر اورانتہا پسندقوتوں کی موت ثابت ہوگی۔ پانچ دینی جماعتوں کا اتحاد ، امت مسلمہ کے لئے مثالی ہے ۔2002ء سے زیادہ اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔

انشااللہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔انتخابات کے انعقاد پر اٹھنے والی بے یقینی کی فضائیں بھی چھٹ چکی ہیں۔الیکشن کمشن اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔نگران حکومتوں پر دباو بڑھانے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی سے فرزندان توحید اور عاشقان مصطفی کا منتشر ووٹ اکٹھا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے ڈانس پارٹی اور کرپٹ عناصر کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔

ایسے اتحاد کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی کہ تمام اسلامی مکاتب فکر ایک ہی پلیٹ فارم سے ایک ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں۔انشااللہ شیعہ سنی وہابی دیوبندی سب مل کر نظام مصطفی کے نفاذ کے لئے عملی جدوجہد کریں گے۔جو ملکی اور بین الاقوامی مسائل کا حل ہے۔متقی لوگوں کی جماعتوں کو نظام مصطفی کے نفاذ میں دلچسپی ہے۔جہاں لوگوں کو ان کے بنیادی مسائل کا حل اور عزت کے ساتھ روزگا ر حاصل ہوگا۔

ہم سودی نظام کا خاتمہ کرکے اللہ اور اس کے رسول سے بینکوں کے ذریعے جاری جنگ کو بند کریں گے۔اسلامی نظام معیشت نافذ کریں گے۔ جس کے لئے بہترین نمونہ ریاست مدینہ ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایم ایم اے ان انتہا پسند قوتوں کی بھی نفی ہے جو فرقوں کی بنیاد پر مسلمانوں میں اختلافات پیدا کرتے ہیں۔کیونکہ فرزندان توحید ایک پلیٹ فارم پر اجتماعی قیادت کے ساتھ موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ متحد ہ مجلس عمل اتحادا مت کا بھی پیغام ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی ختم نبوت، قرآن مجید بطور آخری الہامی کتاب اور کعبہ کو قبلہ ماننے والے سب مسلمان ہیں۔ فروعی اور مسلکی اختلافات اپنی جگہ مشترکہ اہداف کی جدوجہد میں ہم سب ایک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں