شہباز شریف کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کی مذمت

گورنر راج کا نفاذ بھارت کی ناکامی اور کشمیریوں کی جدو جہد کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے‘صدر مسلم لیگ (ن)

بدھ 20 جون 2018 18:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدر اورسابق وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کے نفاذ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کا نفاذ نئی دہلی کی کشمیر پالیسی کی مکمل ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حکومت کے مدت مکمل کرنے میں ناکامی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج کا نفاذ بھارت کی ناکامی اور کشمیریوں کی جدو جہد کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الا قوامی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں پر پیلٹ گن کا استعمال انسانیت سوز جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں جعلی اورکھوکھلی جمہوریت بھارت کے چہرہ پر ایک بدنما داغ کی طرح عیاں ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیاہے کہ بھارت کی جعلی جمہوریت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتی۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت کشمیریوں کو دیئے گئے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ کشمیریوں کے لئے پاکستان کی حمایت میں کوئی لغزش نہیں آسکتی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں