محکمہ جنگلی حیات نے عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران6 لاکھ99 ہزار سے زائد لوگوں کو تفریح کی سہولیات فراہم کیں‘خالد عیاض خان

صوبہ بھر کے وائلڈ لائف پارکوں اور چڑیا گھروں میںنئے جانورلانے اور شفٹنگ کے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے‘ ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

منگل 19 جون 2018 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) ڈائریکٹر جنر ل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کی تین چھٹیوں کے دوران فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات کے باعث لاہورچڑیا گھر اور سفاری زو میں 2 لاکھ65 ہزارسے زائد افراد معیاری تفریح سے لطف اندوز ہوئے اور دونوں تفریح گاہوں سے 85 لاکھ89 ہزار روپے سے زائد آمدن ہوئی ہے ۔

انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ عید کی چھٹیوںکے دوران سیاحو ں کی حفاظت اور سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے اور تمام سکیورٹی سٹاف ہمہ وقت تندہی سے اپنے فرائض انجام دیتا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہورچڑیاگھر میںعید کی تین چھٹیوںکے دوران 2 لاکھ 2 ہزار529 سیاح تفریح سے لطف اندوز ہو ئے اور چڑیا گھر کو70 لاکھ 16 ہزار روپے سے زائد آمدن ہوئی جبکہ63 ہزار53 افراد نے سفاری زو لاہور کا وزٹ کیا اوراسے 15 لاکھ73ہزارروپے آمدن ہوئی۔

(جاری ہے)

اسی طرح بہاولپور چڑیا گھر میں83 ہزار725 افراد تفریح کے لئے آئے اور اسے 4 لاکھ68 ہزار روپے سے زائد آمدن ہوئی جبکہ ڈیرہ غازی خان کے چڑیا گھر میں 48 ہزار491 افراد نے وزٹ کیا اور اسی 4 لاکھ 44 ہزار 100 روپے آمدن ہوئی۔ خالد عیاض خان نے صوبہ کے وائلڈ لائف پارکس اور بریڈنگ سنٹرز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران 4 لاکھ 34 ہزار افراد تفریح سے مفت لطف اندوز ہوئے ۔

انہوںنے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف اپنے پا رکس اور چڑیا گھروں میں عوام خصوصاً بچوں کو سستی تفریح اور مزید سہولیات کی فراہمی کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے اور مزید جانوروں کی شفٹنگ اور ان کی تعداد میں اضافے کیلئے مسلسل کو ششیں جاری ہیں اور اس منصوبے کے پایہ تکمیل تک پہنچتے ہی ان تفریحی پارکس کار خ کرنیوالوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ کی توقع ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں