نظریاتی سمر سکول کا 18واں سالانہ تعلیمی سیشن 21جون سے شرو ع ہوگا

منگل 19 جون 2018 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام گزشتہ 17 سال سے موسم گرما کی تعطیلات میں طلباء کی نظریاتی ‘ تعلیمی و اخلاقی استعدادِکار میں اضافہ کی غرض سے جاری منفرد پروگرام نظریاتی سمر سکول کا 18واں سالانہ تعلیمی سیشن 21جون سے 21جولائی 2018ء تک ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘لاہور میں منعقد ہو گا۔

نظریاتی سمر سکول کا ماٹو ’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ہے۔ اس سکول میں 6سے 13سال کی عمر کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی قابلیت کے حامل اساتذہ کی نگرانی میں نظریہٴ پاکستان سے ہم آہنگ نصاب اور نہایت دلچسپ و عام فہم انداز میں ذہنی و جسمانی نشوونما کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف مضامین اور کمپیوٹر کی تدریس کے علاوہ قائداعظمؒ، علامہ محمد اقبالؒ، مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ، مشاہیر تحریک پاکستان اور قیام تحریک پاکستان کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ طلبا وطالبات کی پاکستان کی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کروائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

نظریاتی سمر سکول میں داخلے جاری ہیں ۔ داخلے کے لیے فارم اور مزید معلومات دفتری اوقات میں نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ‘ ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان‘ مادرِملتؒ پارک‘ -100 شاہراہ قائداعظمؒ متصل ہوٹل پرل کانٹی نینٹل لاہورسے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ نظریاتی سمر سکول کی تفصیلی معلومات اور داخلہ فارم ٹرسٹ کی ویب سائٹ www.nazariapak.info سے بھی ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہیں۔یاد رہے کہ اس سکول کا آغاز جناب مجید نظامی نی2001ء میں کیا تھا اور اس سال 18واں سالانہ تعلیمی سیشن منعقد ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں