امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل (آج )ہوگا

ملک بھر سے قومی ،صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 21ہزار 482کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں

پیر 18 جون 2018 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے امیدواروں کی طرف سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج (منگل )کو مکمل کرلے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 21ہزار 482کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کی 342نشستوں کیلئے 6063امیدواروں نے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے 15ہزار 419امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں اس مہینے کی 22تاریخ تک دائر کی جا سکتی ہیں۔اپیلیٹ ٹربیونلز 27جون تک یہ اپیلیں نمٹائیں گے جس کے بعد اس ماہ کی 28 تاریخ کو انتخابی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست شائع کی جائے گی۔امیدوار 29جون تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں اور اسی روز انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔امیدواروں کو انتخابی نشانات 30جون کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 25جولائی کو ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں