عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مہنگائی کا جن بے قابو ،برائلر گوشت 280سے 300روپے فی کلو تک فروخت ہوا

سبزی اور پھل فروشوں نے بھی منہ مانگے دام وصول کئے،طلب بڑھنے پر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا

پیر 18 جون 2018 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) عید الفطر کی تعطیلات کے دوران مہنگائی کا جن بے قابو رہا ، برائلر گوشت 280سے 300روپے فی کلو تک فروخت ہوا ،سبزی او رپھل فروشوں نے بھی عوام سے منہ مانگے دام وصول کئے ،بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں بھی از خود اضافہ کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات کے دوران پرائس کنٹرول کرنے والے ادارے کی جانب سے فرائض سر انجام نہ دینے کی وجہ سے مہنگائی عروج پر رہی اور دکانداروںنے عوام کی جیبوں پر کروڑوں روپے کا ڈاکہ ڈالا ۔

برائلر گوشت ،پھل اور سبزیاںفروخت کرنے والے دکانداروں نے عید الفطر پر سپلائی نہ آنے کو جواز بناتے ہوئے سرکاری نرخوں سے کئی گنا زائد پر فروخت کی ۔ عیدالفطر کے دوران برائلر گوشت 280روپے سے 300روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا جبکہ کئی مقامات پر اس کی قلت بھی دیکھی گئی ۔

(جاری ہے)

اسی طرح سبزی اور پھل فروشوں کی بھی چاندی رہی اور انہوںنے بھی مرکزی منڈی سے سپلائی نہ آنے کی آڑمیں 50سے 120روپے تک زائد وصول کئے ۔

عید الفطر پر گھروںمیں پکوان کی تیاری کیلئے مصالحہ جات کی مانگ کی وجہ سے ادرک ،لہسن،پیاز اور ٹماٹر منہ مانگے نرخوں پر فروخت کئے گئے ۔ دوسری طرف بیکری آئٹمز کی طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے قیمتوں میں 40روپے سے 150روپے تک اضافہ دیکھا گیا ۔مختلف مقامات پر دو پونڈ کا کیک900روپے میں فروخت ہوتا رہا جبکہ دیگر بیکری آئٹمز کی قیمتوںمیںبھی اضافہ دیکھا گیا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں