پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں، اس کی چالوں سے بچیں‘چودھری پرویزالٰہی

تلہ گنگ میں ہم نے مثالی خدمت کی عوام ہماری کامیابی کی دعائیں کر رہے ہیں، ن لیگ نے یہاں بھی کچھ نہیں کیا‘گفتگو

جمعرات 14 جون 2018 18:54

پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں، اس کی چالوں سے بچیں‘چودھری پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن اپنے مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں اس کی سازشوں پر نظر رکھیں اور اس کی چالوں سے بچیں۔ وہ تلہ گنگ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 65 سے اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا اور وہاں بڑی تعداد میں موجود رہنمائوں و کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تلہ گنگ کے عوام کی مثالی خدمت کی، یہاں کے عوام ہمارے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور وہ انشاء اللہ ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے کیونکہ ن لیگ نے تلہ گنگ میں بھی فرضی وعدوں اور جھوٹے دعوئوں کے سوا کچھ نہیں کیا، یہاں پر پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے، اللہ کے فضل اور عوام کی حمایت سے جیت ہماری ہوگی، ہم نے ماضی میں نہ صرف اس حلقہ بلکہ ضلع کی مثالی خدمت کی، تلہ گنگ سٹی ہسپتال، چکوال سے میانوالی اور اکوال سے شاہ محمد والی اور پنچند تک سڑکیں تعمیر کروائیں، انشاء اللہ کامیابی کے بعد قصبہ لاوہ کو گیس کی فراہمی کے علاوہ بلکسر سے میانوالی تک ون وے روڈ بھی بنوائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پورے ملک کی طرح تلہ گنگ میں بھی ہمارا الیکشن چرا کر میرے اس حلقہ کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، تلہ گنگ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، حافظ عمار یاسر نے ہمیشہ اس علاقہ کے عام آدمی کا مقدمہ لڑا ہے، تمام دیگر پسماندہ اور غریب علاقوں کی طرح اس علاقہ کی ترقی، تعلیمی و طبی سہولتوں، گیس، بجلی کی فراہمی اور بیروزگاری و غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے اور میری وزارتِ اعلیٰ کے دوران یہی ہماری پہلی ترجیح اور ویژن تھا جس کے باعث ہم نے عام اور غریب آدمی کی مثالی خدمت کی اور ریکارڈ فلاحی کام کیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں