نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی ملاقات

نگران وزیراعلیٰ کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین،شہداء کی قربانیوں کوخراج عقیدت دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہوگا‘حسن عسکری

جمعرات 14 جون 2018 18:49

نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے ملاقات کی ۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیااورشہداء کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے اوردہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاء کی جنگ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی افواج نے اس جنگ میں تاریخی اور لازوال کردار ادا کیا ہے۔ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر امن کی صورت میں ملا ہے۔انہوںنے کہا کہ قوم شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان کے محب وطن اور دلیر عوام کا عزم انتہائی مضبوط ہے۔انہوںنے کہا کہ سفاک قاتل بہادر پاکستانیوں کے غیر متزلزل عزم کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا۔

پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوںنے کہا کہ پاک افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔انہوںنے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مائنڈسیٹ کو بھی پوری قوت سے کچلنا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں