لاہور ، مختلف واقعات میں میاں بیوی اور بچے سمیت 5افراد جاں بحق ، لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل

گلبرگ میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ،ندیم ،اسکی بیوی نیلم اور بیٹے فائق کو قتل کیا گیا ، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہڈیارہ میں بد بخت بیٹے نے 80سالہ ماں کو لوہے کے اوزار مار کر قتل کیا ، ڈیفنس میں دو گروپوں میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ انور ہلاک

جمعرات 14 جون 2018 18:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ گلبرگ میں میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ، ہڈیارہ کے علاقہ میں بد بخت بیٹے نے اپنی ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ڈیفنس سی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گلبرگ کے علاقے میں ایک مکان سے میاں بیوی اور بچے کی لاش ملی جن کی شناخت 45سالہ ندیم بٹ، اہلیہ 35سالہ نیلم بٹ اور 9سالہ فائق کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ندیم کی بہن نے بتایا کہ وہ دو روز سے اپنے بھائی کے گھر پر فون کررہی تھی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہورہا تھا، اس پر وہ ان کے گھر پہنچی اور اپنے پاس موجود ڈپلیکیٹ چابی سے دروازہ کھولا تو گھر کی بالائی منزل پر تینوں کی لاشیں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا دیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کے قریب افطار کا سامان رکھا ہوا تھا جس سے شبہ ہے کہ قتل کی واردات افطار کے فوراً بعد ہوئی جبکہ تینوں مقتولین کے جسم پر کسی قسم کا کوئی نشان نہیں جس سے اس بات کا امکان ظاہر ہوتا ہے کہ قاتل کوئی قریبی بھی ہوسکتا ہے جس نے سر پر حملہ کرکے تینوں کو قتل کیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ نیلم ندیم بٹ کی دوسری بیوی تھی،جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوئوں پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ گھر سے کسی قسم کا آلہ قتل بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔

واقعے سے علاتے میں سوگ کی فضاء چھا گئی۔اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ندیم بٹ کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔دوسری جانب پولیس سٹیشن ہڈیارہ کی حدود میں بیٹے نے 80سالہ ماں کو لوہے کا اوزار مار کر قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کوڑی بی بی کا بیٹے کے ساتھ تنازعہ تھا،لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی ماں نے اس پر جادو کروا دیا ہے۔پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ۔پولیس کے مطابق تحقیقات کی جاری ہے جلد حقائق سامنے آئیں گے۔جبکہ ڈیفنس سی کے علاقہ میں پراپرٹی کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈیفنس کا سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا ۔پولیس کے مطابق مقتول انور لاش کو ممردہ خانے منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں