عید اسپیشل ٹرینوں میں اضافی رش کے باعث سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں‘آفتاب اکبر

ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر اضافی رش کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کیلئے مشکوک افراد پر نظر رکھی جائے

جمعرات 14 جون 2018 17:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدآفتاب اکبر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر میںامن وامان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر اورعید اسپیشل ٹرینوں میں اضافی رش کے باعث سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ریلوے پولیس کے تمام افسران اور اہلکار ریڈ الرٹ پر رہیں۔ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر اضافی رش کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیے ریاست مخالف عناصر اور مشکوک افراد پر نظر رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں پر جیب تراشوں،سامان اور موبائل چرانے والوں ، خواتین کو تنگ کرنے والوں ، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں ، جنسی ہراسگی ودیگر شرپسند عناصر کی روک تھام کے لیے ریلوے پولیس کو فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

تمام اپ اور ڈوان ٹرینوں کو روانگی سے پہلے میٹل ڈیٹیکٹرسے چیک کیاجائے کسی بھی مسافر کو ریلوے اسٹیشن پر واک تھرو گیٹ کے بغیر داخل ہونے کے اجازت نہ دی جائے۔

تمام ٹرینوں اور اسٹیشنز پر دہشت گردی اور دوسرے کرائم سے بچنے کے لیے مشکوک افرادپر نظر رکھی جائے۔ سپیشل اقدامات کے طور پر تمام ٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنز پر کمانڈوز کو تعینات کیاجائے۔چیف ایگزیکٹوآفیسر نے مزید کہا کہ لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیاجائے اس کے علاوہ تمام اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے فنکشنل ہونے کو یقینی بنایا جائے۔

ریلوے پولیس آفیسر اور ریلوے سٹاف کی مد د سے ٹریک کی پٹرولنگ کی جائے۔ریلوے حکام کی مدد سے تمام ریلوے اسٹیشنوں کے خصوصی سیکورٹی پلان جاری کیے جائیں اس پر باقاعدہ مراسلہ جاری کردیاگیاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریلوے اسٹیشنوں پر غیر قانونی ہاکر ، وینڈروں اور گداگروں کے خلاف آپریشن کیا جائے۔چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی حدود میں آنے والی مساجد، امام بارگاہوں، مدرسوں اور گرجاگھروں کی مناسب سیکورٹی کو یقینی بنایاجائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں