وفاقی وصوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی، چیئرمین نادرا کی برطرفی کیلئے تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی فریضہ ہے‘تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عوام کی منشاء کی علمبردار ہے‘تر جمان تحر یک انصاف فواد چوہدری کا خط

بدھ 13 جون 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) تحریک انصاف نے وفاقی وصوبائی سیکرٹریز داخلہ کی فوری تبدیلی اور چیئرمین نادرا کی برطرفی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔خط پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری کی جانب سے تحریک کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خط میں کہا ہے کہ غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بنیادی فریضہ ہے۔

تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت اور عوام کی منشائ کی علمبردار ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ سلطانی جمہور کیلئے موثر اور فوری انتظامات ناگزیر ہیں۔انتخابات کے انعقاد کے دیگر لوازمات سے کہیں بڑھ کر لازم ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کروانے والی مشینری (نوکر شاہی) کی تطہیر کرے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی جانب سے نشاندہی کے بعد چاروں چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کے تبادلوں کا فیصلہ قابل قدر ہے۔

تاہم محض یہ تبادلے ہی انتخابات کی بے داغ شفافیت کیلئے کافی نہیں۔انتخابات کی صحت و ساکھ کیلئے کمیشن وفاقی و صوبائی سیکرٹریز داخلہ/ہوم سیکرٹریز کے فوری تبادلوں کیلئے کارروائی کرے۔ عمدہ ترین ساکھ، تجربے اور پیشہ وارانہ مہارت کے حامل افسران لگائے جائیں۔اسکے ساتھ الیکشن کمیشن آف پاکستان نادرا سے حساس معلومات کی Leakage کا بھی فوری نوٹس لے۔

کمیشن سابق وفاقی وزیر داخلہ کے معتمد خاص بریگیڈئیر صدیق کے نادرا میں متعین ’کاظم‘ نامی صاحبزادے کے اس میں کردار کی پڑتال کرے۔کمیشن چیئرمین نادراکو منصب سے الگ کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے۔ الیکشن کمیشن سابق حکومت اور بعض حکومتی اداروں کے سربراہان کیمابین تشویشناک گٹھ جوڑ کا بھی سراغ لگائے۔انتظامی، عدالتی اور ادارہ جاتی نظام کو نون لیگ کی متعارف کردہ آلائشوں سے پاک کئے بغیر ساکھ کے حامل انتخابات ممکن نہیں۔ان آلائشوں سے وطن عزیز پر چھائے بحرانوں کے بادل چھٹنے کی بجائے مزید گہرے ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں