آئینی تقاضوں کے مطابق شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے گا، ڈاکٹر حسن عسکری

قومی ذمہ داری سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کی قومی توقعات پر پورا اتریں گے ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا،تمام پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کریں گے ہم غیر جانبدار حیثیت میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 13 جون 2018 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نگران حکومت آئینی تقاضوںکے مطابق منصفانہ ، آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اور ہم اس قومی ذمہ داری سے بطریق احسن عہدہ برآ ہونے کے لئے صدق دل سے کوشاںہیں۔ انشائ اللہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اورحقیقی نمائندہ حکومت کے قیام میں بھرپور مدد دیں گے جو عوام کے حق رائے دہی کے اظہار کے بعد معرض وجود میں آئے گی تاکہ مستقبل میں بھی جمہوریت کا تسلسل جاری و ساری رہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ پنجاب کی انتظامیہ کو انتخابات کے پر امن انعقاد کے لئے آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ نگران حکومت پوری کمٹمنٹ کے ساتھ اپنے مینڈیٹ پر عمل پیرا ہے اور وہ تمام آئینی اقدامات بروئے کار لائیں گے جو پرامن او ر منصفانہ انتخابات کی بنیاد ہیں۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ پاکستان اس وقت جمہوری دور کے ایک اہم موڑ پر ہی2018 ئ کے انتخابات پر پور ی دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کی گئی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کرائے گی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہاکہ صوبے کے متعلقہ اداروں کی طرف سے موثر مانیٹرنگ کے ذریعے انتخابی عمل کو مکمل طور پر شفاف رکھنے کے لئے کوشاں ہیں۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ حکومت کی طرف سے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا بنیادی فرض انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ نگران حکومت کی ایک اور ذمہ داری امن و امان کا قیام اور انتخابات میں ووٹرز کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے پرامن فضا اور ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے اور نگران حکومت کو الیکشن کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنا ہے۔ نگران حکومت کے پاس محدود وقت اور محدود سکوپ ہے اور اس محدود وقت میں عوام کی بہتری کیلئے بھی کچھ کرنے کا موقع ملا تو کریں گے۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری کارکردگی سے سیاسی جماعتوں کا ہم پر اعتماد بحال ہوگا۔ ہم غیر جانبدار حیثیت میں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں اور تمام پارٹیوں کیلئے یکساں مواقع فراہم کریں گے اور سب کو سہولتیں فراہم کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں