مفاد پرست ٹولے،فرقہ واریت اور اشتہار کی سیاست کو شکست دیں گے، لیاقت بلوچ

جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ کرپٹ حکمران ہیں، عید کے بعد پورے ملک میں رابطہ عوام مہم بھرپور طریقے سے شروع ہوجائے گی، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

بدھ 13 جون 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے ایم ایم اے ملک بھر کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر متحدہ مجلس عمل انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔دینی ووٹرز اورمحب وطن قوتوں کو مفاد پرست ٹولے،فرقہ واریت اور اشتہار کی سیاست کو شکست دینی ہے ،عید کے بعد پورے ملک میں رابطہ عوام مہم بھرپور طریقے سے شروع ہوجائے گی انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میںپنجاب اور سندھ کے بعدخیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے صوبائی پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پرغور کیا گیا۔

بیشتر نشستوں پر ضلعی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ کی متفقہ سفارشات منظور کرلیں جبکہ اختلافی نشستو ں کے لیے اتفاق رائے کا فارمولا طے کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

۔ ماہ رمضان میں منصوبہ کے مطابق افطارڈنرز ،ختم قرآن اور کانفرنسوں کے ذریعے لاکھوں محبان دین سے رابطہ کیا گیا ہے۔پشاور،ملتان،کراچی،کوئٹہ،راولپنڈی،مالاکنڈ،ایبٹ آباد ،فیصل آباد،گوجرانوالہ میں بڑے بڑے جلسے کیے جائیں گے۔

کراچی اور لاہور میں تاریخ ساز علماء و مشائخ کنونشن ہونگے۔ اجلاس میں اکرم خان درانی،حافظ عبدالکریم،علامہ عارف واحدی،پروفیسر محمد ابراہیم،محمد خان لغاری،سکندرگیلانی ایڈووکیٹ،مولانا عبدالحق ہاشمی،مشتاق احمد خان،مولانا نصراللہ اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔لیاقت بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ پانچ سالوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں ناکام رہی ہیں۔

اسٹیٹس کو کی محافظ پارٹیاں عوام دشمن ہیں اور عوام کو دھوکہ دیکر اپنے مفادات کا غلام بنانے والی ان جماعتوں سے نجات پانا ہے۔متحدہ مجلس عمل غریب ،مظلوم اور حالات کی تبدیلی کا عزم رکھنے والے عوام کانمائند ہ اتحاد ہے۔دینی ووٹرز کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔سیکولر ،مفاد پرست ٹولے کے ساتھ قومی سلامتی کا تحفظ ممکن نہیں۔ جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ کرپٹ حکمران ہیں۔ ان سے نجات کے لیے عوام متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں