عوام سے اپیل ہے کہ کارکردگی پر ووٹ دیں سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں: چودھری پرویزالٰہی

وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کی طرح شہبازپور پل بھی شہبازشریف کے انتقام کی بھینٹ چڑھ گیا، اپنے اور مونس الٰہی کے قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے کاغذات منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 13 جون 2018 20:47

عوام سے اپیل ہے کہ کارکردگی پر ووٹ دیں سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں: چودھری پرویزالٰہی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کے گجرات سے قومی و پنجاب اسمبلی اور مونس الٰہی کے پنجاب اسمبلی کیلئے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے این اے 69 اور پی پی 30 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکشن میں کارکردگی کی بنا پر ووٹ دیں اور سبز باغ دکھانے والوں سے بچیں، ن لیگ نے پچھلے 10 سال میں پنجاب سمیت پورے ملک کو برباد کر دیا ہے اور اپنے پچھلے ادوار کی طرح اب بھی عام آدمی کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ پنجاب میں ہماری حکومت نے اپنے 5 سال میں کسانوں، محنت کشوں، تاجروں، ملازمین سمیت ہر شعبہ میں کام کرنے والوں اور عام و غریب آدمی کیلئے بہت کام کیا اور آج تک ملکی تاریخ میں ایسے کام نہیں ہوئے جو تعلیم، صحت، نظام عدل سمیت ہر شعبہ میں کیے گئے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ کا اتحاد پیرپگاڑا کی قیادت میں جی ڈی اے سے ہے، تمام صوبوں سے پاکستان مسلم لیگ اپنے امیدوار میدان میں لا رہی ہے ان امیدواروں کا انتخابی نشان ٹریکٹر ہے جو کسان اور زمیندار کا نشان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال شہبازشریف نے 10 سال تک آپریشنل نہیں کیا اور اس ہسپتال کی طرح ہمارے دور کا دریائے چناب پر شہبازپور پل بھی ان کے انتقامی جذبہ کی بھینٹ چڑھ گیا، عوام نے ووٹ دیا تو ہم نہ صرف وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو فعال کریں گے بلکہ شہبازپور پل بھی بنائیں گے اور اپنے وہ تمام منصوبے مکمل کریں گے جن کیلئے ہمارے بعد فنڈز ن لیگ نے روک دئیے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ نااہلوں کے اقدامات کے نتیجہ میں ہونیوالی مہنگائی سے ہر شعبہ کے لوگ اور ملازمین پریشان ہیں، ن لیگ کے ترقی و خوشحالی کے تمام جھوٹے دعوے ایک ایک کر کے بے نقاب ہو رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں