شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان سنگاپور معاہدہ عالمی امن اور خوشحالی کی طرف ایک مثبت اور بڑا قدم ثابت ہو گا‘افتخار علی ملک

بدھ 13 جون 2018 15:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) بانی صدر پاک امریکہ بزنس کونسل اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان سنگاپور میں تاریخی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے اور عالمی امن اور خوشحالی کی طرف ایک مثبت اور بڑا قدم ثابت ہو گا۔

بدھ کو جاری بیان میں افتخار علی ملک نے کہا کہ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے شمالی کوریا-امریکہ کے سربراہ اجلاس کی کامیابی کا خیر مقدم کرتا ہوں جو دنیا میں باقی آخری سرد جنگ کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے اور اس سے شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات اور ڈپلومیسی کے ذریعے جزیرہ نما کوریا میں امن اور استحکام کے لئے کوششوں کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا اس ضمن میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ شمالی کورین حکمران اپنے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے مذاکرات جاری رکھیں گے۔ افتخار ملک نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو ہمیشہ عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے کوشاں رہا ہے، دنیا کو جنگ کے بجائے امن میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو اس تاریخی کامیابی کو مثال بناتے ہوئے جنوبی ایشیا میں بہتری کے لئے اپنے تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو بھی شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان تنازعہ جتنا ہی پرانا ہے اور اگر وہ ایسا فیصلہ کر سکتے ہیں، تو ہم کیوں نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تنائو کو کم کرنے کا سب سے موثر ذریعہ عوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ رابطے ہیں اور سرحد پر ایک امن تقریب بھی ہونی چاہئے جہاں لوگوں کو بات چیت کرنے کی اجازت ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ باہمی احترام اور پرامن ہم آہنگی کی بنیاد پر یقین رکھتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر پورے خطے کے مابین رابطے اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے۔ افتخار ملک نے مزید کہا کہ پاکستان سارک کے پلیٹ فارم کے ذریعہ علاقائی ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ خطے میں امن کے لئے واحد راستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خطہ انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جہاں دنیا کی آبادی کا پانچواں حصہ آباد ہے اور ترقی کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک تنظیم کا سماجی چارٹر آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے اور پاکستان اس سلسلے میں سارک کی طرف سے تمام اقدامات کا خیر مقدم کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں