پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے ریاست مدینہ منورہ کا نظام لانا ہو گا ، ستر سال گذر گئے ، پاکستان کی بقاء ، سلامتی کا نظام نہیں آیا،حافظ طاہر اشرفی

منگل 12 جون 2018 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے ریاست مدینہ منورہ کا نظام لانا ہو گا ، ستر سال گذر گئے ، پاکستان کی بقاء ، سلامتی کا نظام نہیں آیا، انتخابات میں نظریہ پاکستان اور عقیدہ ختم نبوت کے محافظوں کو منتخب کروانا ہو گا ، پاکستان اقلیتوں کیلئے بنا ہے کسی کو پاکستان میں رہنے والے غیرمسلموں سے زیادتی نہیں کرنے دیں گے ، پیغام پاکستان کے بیانیہ سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کیلئے عید کے بعد ملک گیر مہم چلائیں گے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور جامعہ مسجد المصطفیٰ میں قیام پاکستان اور پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا محمد اشفاق پتافی ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا محمد اسلم قادری ، قاری شمس الحق ، مولانا مبشر رحیمی ، مولانا اسلام الدین ، مولانا عبد القیوم فاروقی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست ہے جس کی بنیاد ریاست مدینہ منورہ ہے ، جب تک عوام الناس کو مدینہ منورہ کی ریاست کی طرح حقوق نہیں ملیں گے پاکستان میں امن ، استحکام نہیں آئے گا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں فوج اور قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں ، ایک سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف نفرت کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، محراب و منبر کو اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا ، انہوں نے کہا کہ انتخابات کو وقت پر ہونا چاہیے اور پاکستان علماء کونسل نظریہ پاکستان ،عقیدہ ختم نبوت اور مسلمانوں کے مقدسات کے تحفظ کا حلف دینے والوں کی حمایت کرے گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں پیغام پاکستان کے بیانیہ کو عام کرنے اور مشاورت کیلئے عید کے بعد مہم شروع کرے گی ، پیغام پاکستان پر تمام مکاتب فکر کے علماء کا اتفاق ہے جس کو مزید مشاورت کے بعد قانونی شکل دینی چاہیے اور اس سلسلہ میں ملک بھر میں مشاورتی عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چاہیے اور احتساب کو انتقام میں نہیں بدلنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان بہتر سمت قدم اٹھا رہے ہیں ، پوری قوم امن اور انصاف چاہتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں