پاکستان ریلویز کی عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیشِ نظر مختلف شہروں سے چلنے والی سپیشل ٹرینوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

منگل 12 جون 2018 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان ریلویز کی عید الفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیشِ نظر مختلف شہروں سے چلنے والی سپیشل ٹرینوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پہلی عید سپیشل ٹرین 12جون کو کراچی سٹی سے دن گیارہ بجے روانہ ہوکر خانیوال ، فیصل آباد ، سرگودھا ، لالہ موسیٰ، ملکوال ، راولپنڈی ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی آج بدھ کے روز رات 10بجکر 30منٹ پر پشاور کینٹ پہنچے گی۔

دوسری ٹرین کوئٹہ سے 12جون دن 11بجکر 30منٹ پر روانہ ہونے کے بعد جیکب آباد ،ملتان کینٹ، خانیوال ، لاہور سے ہوتی ہوئی آج بدھ رات 8بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ تیسری ٹرین کراچی کینٹ سے آج 13جون صبح 11بجے روانہ ہوکر رحیم یار خان ، خانیوال ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 10بجے لاہور پہنچے گی۔

(جاری ہے)

چوتھی ٹرین راولپنڈی سے 14جون صبح سات بجے روانہ ہوکر اٹک سٹی ، جنڈ ، دائودخیل ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اسی رات 10بجکر 30منٹ پر ملتان کینٹ پہنچے گی۔

پانچویںسپیشل ٹرین ملتان کینٹ سے 19جون صبح سات بجے روانہ ہوکر کوٹ ادو ، مظفر گڑھ، کندیاں ، دائوخیل ، جنڈ ، اٹک سٹی سے ہوتی ہوئی اسی روزرات 10بجکر 15منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلویز محمدآفتاب کی ہدایت پر مسافروں کے رش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز بھی لگائی جائیں گی۔واضح رہے کے عیدالفطر کے لیے پاکستان ریلوے نے تمام مسافروں کو عید کے پہلے اور دوسرے روز پہلے ہی تیس فیصد رعائیت کا اعلان کیا ہے۔

مزید برآںپاکستان ریلوے نے چھوٹی عید پر بزرگ شہریوں کے لئے تاریخ کے سب سے بڑے پیکج کابھی اعلان کیاہے۔ پینسٹھ 65 برس اور زائد عمر کے تمام شہری عید کے پہلے اور دوسرے دن تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز میں مفت سفر کر سکیں گے۔ترجمان ریلویز نے کہا کہ شناختی کارڈ کی نقل پر ایڈوانس بکنگ اور ای ٹکٹنگ بھی مفت ہو گی اور دوران سفر اوریجنل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر شناختی کارڈ دکھانے پر بزرگ خواتین اور مردوں کو بغیر کرایہ لئے ٹکٹ جاری کر دیا جائے گا۔علاوہ ازیں پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے بعد سمر ویکیشن سپیشل راولپنڈی اور کراچی کے درمیان چلانے کابھی اعلان کیا ہے ۔ سمر ویکیشن سپیشل ٹرینیں راولپنڈی سے 18، 22، 26 اور 30 جون کی دوپہر اڑھائی بجے کراچی کے لئے روانہ ہوں گی۔

اسی طرح کراچی سے 20، 24 اور 28 جون کو سمر ویکیشن سپیشل ٹرینیں رات 8 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوں گی۔یہ سمر ویکیشن سپیشل ٹرینیں حیدر آباد، روہڑی، خانپور بہاولپور، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، رائے ونڈ، لاہور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، لالہ موسی اور جہلم سٹاپ کریں گی۔سمر ویکیشن سپیشل ٹرینوں میں اے سی بزنس، اے سی سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس شامل ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں