ٹکٹیں نہ ملنے ،مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست میں نام شامل نہ کرنے پر (ن) لیگ ، پی ٹی آئی کی خواتین کا احتجاج

دھرنے کی عادت عمران خان نے ہی ڈالی ، اپنے حق کیلئے بنی گالہ کے باہر بیٹھیں گی،پی ٹی آئی کی خواتین کا اعلان حقیقی کارکنوں کو نظر انداز کر کے دوستیاں نبھائی گئیں ،فیصلہ قبول نہیں ،احتجاج جاری رہے گا ،لیگی خواتین بھی ڈٹ گئیں

منگل 12 جون 2018 16:09

ٹکٹیں نہ ملنے ،مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست میں نام شامل نہ کرنے پر (ن) لیگ ، پی ٹی آئی کی خواتین کا احتجاج
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر نئے محاذ کھل رہے ہیں ، دونوں جماعتوں کی خواتین نے بھی ٹکٹوں کی تقسیم اور مخصوص نشستوں کی ترجیحی فہرست کو غیر منصفانہ قرار دیدیا ، پی ٹی آئی کی خواتین نے فیصلے کے خلاف بنی گالہ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی متعدد خواتین نے گزشتہ روز اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی حقیقی کارکنوں کونظر انداز کر کے دوستیاں نبھائی گئی ہیں ،ترجیحی فہرست میں کسی کی سہیلی ، کسی کی باجی ، کسی کی بہن کا نام ڈال دیا گیا جبکہ 25سے 30سال سے پارٹی کی خدمت کرنے والوں کونظر انداز کر دیا گیا۔

ہمیں اس طرح کے فیصلے قبول نہیں اور اس کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

میاں صاحب کہتے ہیں کارکنوں کو ٹکٹ دئیے ہیں حقیقی کارکن تو یہاں ہیں پھر کن لوگوں کو ٹکٹ دئیے گئے ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں ہمارا حق دیا جائے یا پھر تمام خواتین کارکنوںکو اکٹھا کرکے آگ لگا دی جائے ۔پی ٹی آئی کی خواتین نے چیئرمین سیکریٹ میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹکٹوں کیلئے فیس جمع کرائی ، ہمارے انٹر ویو ہی نہیں لئے گے اور ٹکٹ کی دوڑ سے باہر کر دیا گیا ۔

سکول میں بھی امتحان ہوتا ہے اور اس کے بعد نتیجے کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ نہ صرف ٹکٹوں کی تقسیم بلکہ مخصوص نشستوں میں بھی انصاف نہیں کیا گیا ۔ فاطمہ چدھڑ نے کہاکہ جب عمرا ن خان پر برا وقت آیا تو منزہ حسن نے کہا کہ میں تو امریکہ چلی جائوں گی اور آرام سے زندگی بسر کروں گی اور جب پارٹی کی مقبولیت دیکھی تو یہیں رہ گئیں ۔ منزہ حسن اور شیریں مزاری پانچ سال اسمبلی میں رہ چکی ہیں انہیں پھر فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے ۔ ہم تیرہ سال سے پارٹی کے ساتھ ہیں اور ہر کڑے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا ہے ۔ہمیں عید الفطر پر بھی بنی گالہ کے باہر سڑک پر بیٹھ کر دھرنا دینا پڑا تو دیں گی کیونکہ ہمیں دھرنے کی عادت عمران خان نے ہی ڈالی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں