زینب قتل کیس۔۔۔۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک اور تاریخی فیصلہ سنا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 جون 2018 11:23

زینب قتل کیس۔۔۔۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک اور تاریخی فیصلہ سنا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2018ء) : زینب قتل کیس کے مجرم عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کر دی گئی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل کا فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سنایا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران علی کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیل کی سماعت ہوئی جسے مسترد کر کے عمران علی کی سزائے موت کو بحال رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران علی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سزا سنائی جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ نے سزا کو برقرار رکھا تھا ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی توثیق کے لیے معاملہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

جس پر آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عمران علی کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے سزائے موت کو بحال رکھا۔

یاد رہے کہ قصور کی ننھی زینب کو مجرم عمران علی نے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا تھا اور لاش کوڑے کے ڈھیر میں پھینک دی تھی۔ زینب کی لاش 9 جنوری کو کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی تھی۔ زینب کے معاملے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی از خود نوٹس لیا اور پولیس کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، چیف جسٹس نے پولیس کو 72 گھنٹوں کی مہلت دی جس کے بعد قاتل کو گرفتار کیا گیا جس کی تصدیق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی کی۔

مجرم عمران علی کو گرفتاری کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ ملزم کا کوٹ لکھپت جیل میں ٹرائل ہوا۔ جس کے بعد 15 فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا اور17 فروری کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سجاد احمد نے نے قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنا دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں