پاکستانی عوام کو جمہوریت کے نعرے لگاکرجاگیردار اور سرمایہ داروں کے کلب کی رعایا بنادیا ہے، امیر العظیم

پیر 11 جون 2018 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2018ء) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان و متحدہ مجلس عمل کے حلقہ این اے 135سے امیدوار امیر العظیم نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو جمہوریت کے نعرے لگاکرجاگیردار اور سرمایہ داروں کے کلب کی رعایا بنادیا ہے۔وارثتوں کی پیداور ،خاندانی پارٹیاں قوم کی قسمت بدلنے کے بجائے بار با دھوکہ دیتی ہیں۔پرانی شراب کو نئے لیبل کے ساتھ پیش کیاجارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 135کے علاقہ جوہر ٹائون کی گرائونڈ میں ایک بڑی افطار پارٹی سے خطاب کے دوران کیا۔امیر العظیم نے کہا کہ دینی اتحاد فروغ پارہا ہے۔اختلافات کی خلیج پاٹ دی گئی ہے۔فرزندان اسلام فروعی اور مسلکی اختلافات سے نکل کر باہم شیر وشکر ہورہے ہیں آنے والے الیکشن میں سیکولر و لبرل ازم کے نعرے لگانے والوں کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں کا اتحاد قومی اتحاد بن کر ابھر رہا ہے۔پاکستان کے عوام اسلام سے گہری محبت اور وابستگی رکھتے ہیں ۔اسلام پسند عوام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے متحدہ مجلس کا ساتھ دیں گے۔متحدہ مجلس عمل مفاد پرستی کی سیاست کا خاتمہ کرے گی۔ امیر العظیم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سراب کا پیچھا کرنے کے بجائے نظریہ اخلاق او رکردار کو ووٹ دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں