ن لیگ میں کرائےکےامیدواروں کی کوئی گنجائش نہیں،شہبازشریف

کل بھی جمہوریت کا تحفظ کیا تھا اب بھی کریں گے،ن لیگ سیاست میں خواتین کے کردارکوقدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے،صدرمسلم لیگ شہبازشریف کا پارلیمانی بورڈکے اجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 جون 2018 19:12

ن لیگ میں کرائےکےامیدواروں کی کوئی گنجائش نہیں،شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں کرائے کے امیدواروں کی کوئی گنجائش نہیں،ن لیگ سیاست میں خواتین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے،کل بھی جمہوریت کا تحفظ کیا تھا اب بھی کریں گے۔انہوں نے آج پارلیمانی بورڈ کے ساتویں اجلاس کی صدارت کی۔ پارلیمانی بورڈ نے خواتین کی مخصوص نشستوں کے علاوہ ضلع قصور، ضلع راولپنڈی اور اسلام آباد کے امید واروں کے انٹرویوز کیے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی بطور امیدوار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پارلیمانی بورڈ میں پیش ہونیو الے امیدواران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کو ٹکٹ دیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) ایک مکمل جمہوری جماعت ہے اس میں کرائے کے امیدواران کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہم نے کل بھی جمہوریت کا تحفظ کیا تھا اور آئندہ آنے والے کل بھی جمہوریت کا ہی تحفظ کریں گے ۔

جمہوری جدو جہد ہی ہمارے امیدواران کے چناؤ میں بنیادی نقطہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے لئے جوش و خروش قابل دید ہے۔ پارلیمانی بورڈ جمہوری روایات کی روشنی میں ٹکٹ کے فیصلے کرے گا۔ امیدواران کے درمیان ٹکٹوں کے حصول کے لئے سخت مقابلہ ہی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی نشانی ہے۔ خواتین امیدوران سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) سیاست میں خواتین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

خواتین نے سیاست اور ملکی ترقی میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے سیاست میں مادر ملت فاطمہ جناح رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ خواتین پاکستان کی سیاست کا بنیادی جزو ہیں ۔ مسلم لیگ کو اپنی خواتین رہنماؤں اور کارکنوں پر فخر ہے۔ ہم نے گزشتہ انتخابات میں بھی خواتین کارکنوں کو میرٹ پر ٹکٹ دئے تھے۔ اب بھی میرٹ پر ٹکٹ دیں گے۔ پار لیمانی بورڈ نے خواتین امیدواران سے ان کی تعلیمی قابلیت سیاسی جدو جہد اور سیاست پر سوالات کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں