نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے امورکا جائزہ

صحت کی بنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،حسن عسکری رضوی ہیلتھ سروسز کو بہتر بنانے کی مقدور بھر کوشش کریں گے،ہسپتالوں اور مراکز صحت کے اچانک دورے کرکے صورتحال کاجائزہ لوں گا ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے،مریضوں کو معیاری ادویات کی فراہمی جاری ہے،وزیراعلیٰ کو بریفنگ

پیر 11 جون 2018 18:55

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے امورکا جائزہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے امورکا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری رضوی نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولتیں عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پنجاب کے ضلعی، تحصیل ہسپتالوں اور مراکز صحت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ صوبہ کے تحصیل ، ضلعی اور دیگر ہسپتالوں میں بہتری خوش آئند امر ہے۔ ہسپتالوں اور مراکز صحت کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم عوام کی خدمت کے سلسلے میں بے حد اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

اپنے مینڈیٹ میں ہیلتھ سروسز کو بہتر بنانے کی مقدور بھر کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔ لیگل فریم ورک میں عوام کو مزید ریلیف کی کوشش کریں گے۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے ڈپارٹمنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے، طبی آلات اور اعلیٰ کوالٹی کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، ڈی جی ہیلتھ سروسز اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں