انتخابات میں دھن، دھونس اور دھاندلی نہیں چلنے دیں گے، پی ٹی آئی کے غبارے میں غیر فطری طریقے سے ہوا بھری جا رہی ہے، شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 10 جون 2018 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھن، دھونس اور دھاندلی نہیں چلنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کے غبارے میں غیر فطری طریقے سے ہوا بھری جا رہی ہے۔ عوام کنگ پارٹی کو لوٹا پارٹی سمجھتی ہے۔ انتخابات کو ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے۔

الیکشن غیر جانبدارانہ، منصفانہ اور آذادانہ نہ ہوئے تو بڑے سیاسی بحران کا سبب بن سکتے ہیں۔ الیکشن کو متنازع ہونے سے بچانے کے لئے تمام جماعتوں کے تحفظات، اعتراضات اور خدشات کو دور کیا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی الیکشن کمیشن اور نگران حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ انتخابات کا التوا ملک کے لئے زہر قاتل ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے متحدہ مجلس عمل کے مرکزی راہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ ہمارے ووٹرز سیکولر قوتوں کو شکست دینے کے لئے پُرجوش ہیں۔ دینی جماعتوں کے کارکنان انتخابی معرکے کے لئے کمر کس لیں۔ کالا باغ اور دیگر ڈیم نہ بنانے میں ماضی کی تمام حکومتوں کا کردار ہے۔ بھارت نے راوی، ستلج اور بیاس کے پانی پر قبضہ کر لیا ہے۔ پاکستان کے حصے کے پانی کو بھارت سے آذاد کرانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے دشمن پاکستان کے خلاف متحد ہو چکے ہیں۔ پاکستان اس وقت سنگین آبی و معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ ملنا افسوسناک ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں