ملک کوانتشار سے بچانے کیلئے بروقت اورشفاف انتخابات یقینی بنائے جائیں‘شہید پاکستان کانفرنس

سیاسی جماعتیں اسلامی اقدار کے تحفظ کو اپنے انتخابی منشور کاحصہ بنائیں،الزام درالزام کی سیاست سے گریز کیاجائے‘ڈاکٹرراغب نعیمی شہداء کی قربانیاں قابل قدرہیں،ملکی امن واستحکام کیلئے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید ؒکی فکرکو اپنایا اورپھیلایا جائے‘پروفیسر ظفراقبال نعیمی ، پروفیسرسفارش علی نعیمی،پروفیسر آصف طاہر ودیگر کا خطاب

اتوار 10 جون 2018 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر مفتی محمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ملک کوانتشار سے بچانے کیلئے بروقت اورشفاف انتخابات یقینی بنا ئے جائیں۔سیاسی جماعتیں اسلامی اقدار کے تحفظ کو اپنے انتخابی منشور کاحصہ بنائیں،الزام درالزام کی سیاست سے گریز کیاجائے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے کاغذات نامزدگی کیساتھ بیان حلفی لگاناخوش آئندہے۔ووٹ ڈالتے وقت عوام سیاسی جماعتوں کی سابقہ کارکردگی اورمنشورپر عملدرآمدکوبھی ملحوظ خاطر رکھیں۔مذہبی سیاسی جماعتیںمنفی پروپیگنڈہ اورمذہبی انتشار کی پالیسی ترک کریں۔شہداء کی قربانیاں قابل قدرہیں،ملکی امن واستحکام کیلئے ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید ؒکی فکرکو اپنایا اورپھیلایا جائے۔

(جاری ہے)

جنرل ایوب کے دورآمریت کے خلاف مفتی محمدحسین نعیمی ؒ اورپرویز مشرف کے دور آمریت میں ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہیدؒ کوجمہوری قوتوں کے حق میںآوازبلند کرنے پر پابندسلاسل کیا گیاتاہم کوئی بھی قوت ان کو’’ حق گوئی ‘‘کے مشن سے پیچھے نہیںہٹاسکی،ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملکی ترقی و استحکام کے لئے جمہوریت کے تسلسل کوانتہائی ضروی خیال کرتاہے ۔

پائیدارجمہوریت کیلئے تمام آئینی اداروں کواپنی حدود میںرہ کرمعاونت کرناہوگی۔ان خیالات کاظہار انہوں نے گزشتہ روزجامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام ڈاکٹرسرفرازنعیمی شہید کی9ویںیوم شہادت کے سلسلہ میں3روزہ تقریبات کی افتتاحی تقریب بعنوان شہیدپاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے ڈاکٹر مفتی محمدحسیب قادری، مفتی انتخاب احمدنوری،پروفیسرظفراقبال نعیمی،پروفیسرحافظ ارشد اقبال نعیمی،مفتی نعیم احمدصابری،پروفیسر وارث علی شاہین ،پروفیسرسفارش علی نعیمی،پروفیسر آصف طاہر،ڈاکٹرسلطان سکندر،مفتی ابوبکرقریشی، سمیت ودیگرعلماء ومشائخ نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں علامہ غلام نصیرالدین چشتی،مفتی فیصل ندیم،مفتی مسعودا لرحمان ،مفتی ندیم قمر،مفتی بلال فاروق نعیمی،مفتی شہزاد احمدنقشبندی،،علامہ یاسرعلی نعیمی،مولانا فراز احمدچشتی،علامہ فریاد نعیمی،مفتی اعجاز فریدی، حاجی نیاز احمد،مولانا اکرم نعیمی،اسجدعلی ایڈوکیٹ،مفتی ضیاء اللہ نورانی،نبیل چودھری،قاری محمدبخش کرمی،قاری زوار،شیخ ادریس،میاں فیاض نذیر،علامہ محمدرمضان شاد،،مفتی ممتاز احمد، اظہر فاروقی، ملک خالد چیئرمین یونین کونسل، چوہدری محمود حسین مودی،شہزاد شریف اور نعیمین ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی،صوبائی عہدیداران ،جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ وطلباء سمیت عامة الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس میں منظور کی گئی قرار دادوں میں مطالبہ کیا گیا بھارت ورکنگ بائو نڈری پر مسلسل گولہ بار ی کر کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہاہے اقوام متحدہ بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت اوراشتعال انگیز ی کانوٹس لے۔بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پربے نقاب کرنے کے لئے وزارت خارجہ کومتحرک کیاجائے۔معاشرے میں بڑھتی فحاشی وعریانی کے سدبات کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

سکولوں وکالجز میں بچیوںکیلئے پردے کی پابندی یقینی بنائی جائے۔غزہ میںجاری مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اوراوآئی سی اپنا کردار ادا کر ے ۔کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھی شدید مذمت کی گئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمفتی محمدحسیب قادی نے کہاکہ ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی اسلاف کی عظمتوں اور رفعتوں کے امین تھے۔

ان کی عظمت کی بنیاد شخصی وجاہت پر نہ تھی بلکہ کردار پر قائم تھی۔ ان کا مشن ناموس رسالت کا تحفظ تھا اور ان کا درد تحفظ و سلامتی پاکستان تھا۔ ان کا مشن اور طرز زندگی ہر حوالے سے بے مثال تھا۔مفتی انتخاب احمدنے اپنے خیالات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر سرفراز نعیمی امت کا درد اپنے سینے میں سموئے ہوئے تھے۔ سادگی، سنجیدگی اور وقار کا ایک پیکر تھے۔

وہ اہل سنت کا عظیم سرمایہ تھے۔ ان کی فقیرانہ و درویشانہ شان تھی۔علامہ لیاقت علی صدیقی نے اپنے خطاب کہاکہ شہید پاکستان کی زندگی کا ہر گوشہ میں ہمیں اسلاف کی سیرت کا عکس نظر آتا ہے۔ آپ ہر معاملے میں شہرت اور جاہ و منصب کے بغیر کام سرانجام دیتے۔پروفیسرظفراقبال نعیمی نے کہ شہید پاکستان کا عمل ان کے علم کے تابع تھا، جو کچھ انہوں نے حاصل کیا وہ عمل سے کیا۔

ان کی زندگی کاہر پہلو قابل تقلید ہے۔مفتی قیصرشہزاد نعیمی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور وطن سے محبت کا اظہار ڈاکٹرسرفراز احمدنعیمی شہیدؒ کی نمایاں خوبیاں تھیں۔ سادگی، متانت اور وقار ان کی سرشت میں داخل تھا۔ کسی پروٹوکول یا کسی جاہ و منصب کی کبھی طلب نہ رہی۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک وقوم سلامتی کیلئے خصوصی دعاکرائی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں