حالیہ انتخابات میں دین سے محبت کرنے والے لاہوریے موروثی اور بے حیائی کے کلچر کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دینگے ‘ذکر اللہ مجاہد

موجودہ فرسودہ نظام کے مقابلے میں ایم ایم اے کے پاس نظام مصطفی ﷺ موجود ہے جو کسی اور پارٹی کے پاس نہیں ہے ‘اجلاس سے خطاب

اتوار 10 جون 2018 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی و صدر متحدہ مجلس عمل لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل ہر محاذ پر چور وں ، لیٹروں اور قبضہ گروپوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں متحدہ مجلس عمل لاہور کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس مو قع پر رہنماجماعت اسلامی پاکستان سابق ایم این اے حافظ سلمان بٹ ، انچارج سیاسی کمیٹی و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، سینئر نائب صدر ایم ایم اے لاہور حافظ ریاض درانی، ڈپٹی سیکرٹریزایم ایم اے لا ہور چوہدری محمود الاحد، رانا رحمت ، سید جعفر علی ، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عبدالحفیظ اعوان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ایم ایم اے انتخابات میں کرپشن زدہ چوروں ، لیٹروں اور قبضہ گروپوں کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرے گی اور حالیہ انتخابات میں شہر لاہور میں دین سے محب کرنے والے لوگ موروثی سیاست اور بے حیائی کے کلچر کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نے ملک بھر میں کرپشن سے پاک دیانتدار ، محب وطن اور عوامی مسائل کو حقیقی معنوں میں سمجھنے و الی قیادت کو عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔

2018 ء کے الیکشن میں ایم ایم اے کے امیدواران پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ہم نے 14 قومی او ر 30 صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا جائزہ لیا ہے جس پر تمام شرکاء نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ایم ایم اے قیام کے بعد ہمارا کارکن متحرک ہو ا ہے اور وہ عوام تک ایم ایم اے کے منشور کو پہنچانے اور ان کو قائل کرنے کیلئے پور عزم ہے۔

کسی سیاسی پارٹی کے پاس سوائے چہروں کی تبدیلی کے کوئی متبادل نظام نہیں ہے۔ الحمداللہ ایم ایم اے کے پاس موجودہ فرسودہ نظام کے مقابلے میں نظام مصطفیﷺ موجود ہے جو کہ حقیقی تبدیلی کا ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر رہے ہیں عید کے بعد ایم ایم اے کی قیادت کارنرمیٹنگز ، ڈورٹو ڈور اور جلسے و جلسوں کے ذریعے عوام تک اپنا منشور پہنچائے گی۔ ایم ایم اے قوم کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ایم ایم اے لاہور انشاء اللہ 13جون کو پریس کانفرنس کے ذریعے پورے لاہور کی تمام قومی اور صوبائی اسمبلیوںکے امیدواران کا اعلان کریں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں