شفاف انتخابات ، بلاامتیاز احتساب اور ریاستی نظام آئین کے مطابق چلانے کیلئے دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ‘لیاقت بلوچ

ووٹرز اپنی عزت اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے روایتی مائنڈ سیٹ بدلیں اور نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کیلئے آزمودہ ، ناکارہ سیاسی درندوں سے نجات حاصل کریں ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 10 جون 2018 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ سیکولر ، نام نہاد الیکٹیبلز اور ذاتی مفادات کی محافظ سیاست اور جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں، ان تلوں میں تیل نہیں ہے ،متحدہ مجلس عمل قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے اہل ، امانت و دیانتدار ، عوامی خدمتگار اور اسلامی جمہوری نظریہ کے محافظ امیدوارمیدان میں اتارے گی ۔

لاہور اور سیالکوٹ میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے صوبائی پارلیمانی بورڈ ز نے اپنی سفارشات مکمل کر لی ہیں ۔ خواتین ، اقلیتوں کی مخصوص نشستوںکے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں 11 جون کو جمع کراد ی جائیں گی ۔ 12 اور 13 جون کو متحدہ مجلس عمل کا پارلیمانی بورڈ اسلام آباد میں صوبائی پارلیمانی بورڈز کی سفارشات کی روشنی میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے امیدواران کی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ کردے گا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالم اسلام کے لیے مسائل اور بحرانوں سے نجات کے لیے اتحاد امت اور پاکستان کی سلامتی کے لیے نظام مصطفیٰؐ کا نفاذ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ قومی انتخابات کے راستے کی رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں ۔ التواء کی خبریں داغنے والی توپیں خاموش ہورہی ہیں ۔ شفاف انتخابات ، بلاامتیاز احتساب اور ریاستی نظام آئین کے مطابق چلانے کے لیے امین اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ۔

ووٹرز اپنی عزت اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے روایتی مائنڈ سیٹ بدلیں اور نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے آزمودہ ، ناکارہ اور دھرتی پر بوجھ سیاسی درندوں سے نجات حاصل کریں ۔ اس موقع پر ارشد بگو ، ڈاکٹر جاوید ، ڈاکٹر شکیل ٹھاکر ، حافظ ظفر اقبال ، احمد سلمان بلوچ ، میاں عثمان جاوید اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں