پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ ، شفافیت اور احتساب کی پالیسی اپنائی جائیگی ‘ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد

ہفتہ 9 جون 2018 16:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ موجودہ انتظامیہ یونیورسٹی کے تمام معاملات میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بناتے ہوئے میرٹ ، شفافیت اور احتساب کی پالیسی اپنائے گی ۔وہ اپنے آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ تمام فیکلٹیوں کے ڈینز کے اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی پاسداری کئے بغیر کوئی ادارہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے ڈینز کو کہا کہ وہ اساتذہ کی رہنمائی کریں اور ایسا بہترین ماحول قائم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں جس میں تدریس و تحقیق اور سیکھنے کے عمل کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ریسرچ فرینڈلی پالیسی بنائے گی اور ایسی تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا جو ملک اور معاشرے کی ترقی کے لئے معیشت پر مثبت انداز میں اثر کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اساتذہ ، طلبہ اور ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انتظامیہ یونیورسٹی امور باہمی مشاورت سے چلائے گی۔انہوں نے کہا پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ڈینز نے وائس چانسلر کو پنجاب یونیورسٹی میںتعیناتی پر مبارک باد دیتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ ان کی متحرک قیادت میں یونیورسٹی ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں